میپکو کے سٹور میں آگ لگ گئی، کروڑوں کا سامان جل گیا
گزشتہ شام میپکو کے ممتاز آباد گرڈ سٹیشن کے قریب واقع سٹور میں آگ لگ گئی، جس نے دیکھتے دیکھتے ہی بڑے علاقے کو لیپٹ میں لے لیا۔
حکام کا کہنا تھا کہ گرڈ کے بڑے ٹرانسفارمر سے چنگاریاں نکلیں جس سے قریب پڑے ہوئے سکریپ میں آگ لگ گئی، آندھی کی وجہ سے یہ آگ پھیل گئی۔
جبکہ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ سٹور سے بڑے پیمانے پر سامان چوری کیاگیا جس کو چھپانے کےلئے جان بوجھ کر آگ لگائی گئی اور اب اس کو شارٹ سرکٹ کانام دیا جا رہا ہے، اس سٹور سے پہلے بھی چوری کی وارداتیں ہوتی رہی ہیں۔
آگ پھیلنے کی اطلاع ملنے پر کمشنر ملتان مریم خان اور ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کاجائزہ لیتے رہے، رات گئے تک ممتاز آباد میپکو سٹور میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیاہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔
ضلعی انتظامیہ ترجمان کا کہنا ہےکہ ضلعی افسروں نے تمام آپریشن کو مانیٹر کیا، آتشزدگی سے سٹور کے ارد گرد کوئی بھی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا، ریسکیو ایمبولینس، فائر وہیکلز اور ریسکیو ٹیمیں بھیجوا کر فوری ریسپانس دیا گیا،جلے ہوئے سکریپ پر مٹی ڈالنے کا عمل جاری ہے، جبکہ میپکو ترجمان کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائی جاری ہیں، نقصان کا تخمینہ لگانے کےلئے کمیٹی بنائی جارہی ہے جو آگ لگنے کی وجوہات اور ذمے داروں کا تعین بھی کرے گی ۔