فپواسا نے حکومت کے سامنے بڑے مطالبات رکھ دئے
یونیورسٹی اساتذہ کی مرکزی قومی نمائندہ تنظیم، فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشنز (فپواسا ) کا سالانہ اجلاس اور انتخابات سینٹر آف ایڈوانسڈ اسٹڈیز ان ہیلتھ اینڈ ٹیکنالوجی راولپنڈی میں منعقد ہوئے۔
اجلاس کی صدارت فپواسا کے صدر پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد چترالی نے کی، اجلاس کی کاروائی فپواسا کے جنرل سیکٹری ڈاکٹر ریاض احمد نے سرانجام دی۔
اجلاس میں ملک بھر کی جامعات کی اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشنز کے صدور اور جنرل سیکرٹریز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اجلاس میں صوبائی چیپٹرز کے صدور سمیت فپواسا کے مرکزی صدر نے اپنی سالانہ کاکردگی کی رپورٹ پیش کی ۔مختلف سوالات و جوابات اور تجاویز کے بعد سالانہ کارگردگی رپورٹ کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس کے دوسرے مرحلے میں سال 24-2023 کے لئے فپواسا کے مرکزی اور صوبائی چیپٹرز کے لئے انتخابات منعقد کئے گئے۔
انتخابات کے نتائج کے مطابق یونیورسٹی آف بلوچستان کے پروفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ بڑیچ فپواسا کے مرکزی صدر جبکہ بہاءالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے ڈاکٹر فرخ ارسلان صدیقی مرکزی نائب صدر، شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور سندھ کے ڈاکٹر اختیار علی گھومرو مرکزی جنرل سیکرٹری اور زرعی یونیورسٹی پشاور کے ڈاکٹر بشیر احمد اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ ٹیکسلا کے ڈاکٹر عبدالمبین مرکزی ایگزیکٹو کونسل کے ممبران منتخب ہوئے۔
پنجاب چیپٹر کے لئے پنجاب یونیورسٹی لاہور کے پروفیسر ڈاکٹر محمد اظہر نعیم صدر، جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے پروفیسر ڈاکٹر رضوان اللہ کوکب جنرل سیکرٹری اور اوکاڑہ یونیورسٹی کے ڈاکٹر محمد اقبال ایگزیکٹیو کونسل کے ممبر منتخب ہوئے۔
سندھ چیپٹر کے صدر کے لئے زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام کے ڈاکٹر فہد نذیر کھوسو جبکہ جنرل سیکرٹری کیلئے قائد عوام یونیورسٹی نوابشاہ کے ڈاکٹر باقر علی زرداری اور ممبر ایگزیکٹیو کونسل کیلئے NED یونیورسٹی کراچی کے ڈاکٹر کامران زکریا کے نام تجویز کئے گئے۔
بلوچستان چیپٹر کے صدر کےلئے بلوچستان یونیورسٹی کوئٹہ کے پروفیسر ڈاکٹر فرید خان اچکزئی، جنرل سیکرٹری کےلئے بلوچستان انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کوئٹہ کے پروفیسر نعمان خان کاکڑ اور سردار بہادر خان یونیورسٹی برائے خواتین کی ڈاکٹر نیلوفر جمیل ایگزیکٹو کونسل کی ممبر منتخب ہوئیں۔
خیبر پختونخوا چیپٹر کے لیے انجینئرنگ یونیورسٹی پشاور کے ڈاکٹر فیروز شاہ صدر، جنرل سیکریٹری کیلئے عبدالوی خان یونیورسٹی مردان کے ڈاکٹر ظفر حیات خان اور کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی، کوہاٹ کے ڈاکٹر فرمان خان ممبر مجلس عاملہ منتخب ہوئے۔
اجلاس میں ملک بھر کی سرکاری جامعات خاص کر جامعہ بلوچستان، بہاءالدین زکریا یونیورسٹی ملتان، اور بیوٹمز کو درپیش مالی اور انتظامی مسائل پر تفصیلی غور وخوص ہوا۔
نو منتخب قیادت نے مرکزی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنی سالانہ بجٹ میں جامعات کی بجٹ میں موجودہ مہنگائی کے حساب سے اضافہ کرے اور فیصلہ کیاگیا کہ فپواسا کی جانب سے ملک بھر میں اس بابت زبردست احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔
اجلاس میں جامعہ بلوچستان اور بیوٹمز کے اساتذہ ، آفیسرز اور ملازمین کو ماہانہ تنخواہ کی تاحال عدم ادائیگی، خیبر پختونخوا کی تمام جامعات خصوصا پشاور یونیورسٹی اور سندھ کی جامعات کو درپیش مالی اور انتظامی بحران پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی و صوبائی حکومت اور ایچ ای سی سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر بیل آؤٹ پیکیج فراہم کریں بصورت دیگر ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔
اجلاس میں بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے انتظامی اور مالی مسائل پر بھی گفتگو ہوئی، اور عرصہ دراز ترقی کے منتظر بی پی ایس اور ٹی ٹی ایس اساتذہ کے مسائل پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
جامعات کے اساتذہ کے لئے نئے سروس سٹرکچر اور پروموشن پالیسی کا اجراء اور ٹی ٹی ایس اساتذہ کرام کی تنخواہ اور دیگر الاؤنس کی پالیسیوں کو بہتر بنانے کا مطالبہ کیا گیا۔
اجلاس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ ریسرچ جرنلز کی پیچیدہ طریقہ کار کو آسان بنایا جائے خصوصا زیڈ کیٹیگری جرنلز کے آرٹیکلز کو ایچ ای سی کے اپنے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 30 جون تک تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
دریں اثناء نئی منتخب کابینہ نے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن(HEC) اسلام آباد ڈاکٹر مختیار احمد سے وفد کی صورت میں ملاقات کی، اور جامعات کے اساتذہ کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا گیا۔
جامعات کو درپیش مالی مسائل بالخصوص ٹی ٹی ایس اساتذہ کے سروس سٹرکچر کو مضبوط بنانے پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔
چیئرمین ایچ ای سی کا کہنا تھا کہ بہت سی جامعات سے شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ سلیکشن بورڈز اور دیگر باڈیز میں ایچ ای سی کے مرتب کردہ قوانین کی پاسداری نہیں کی جا رہی، جس کے باعث جامعات انتظامی اور مالی بحران کا شکار ہیں تاہم فپواسا کی نئی قیادت کے ساتھ مسائل کے سدباب میں مدد ملے گی۔
انھوں نے فپواسا کی نو منتخب قیادت کو مبارک باد دی۔ انکا کہنا تھا کہ فپواسا کے ارکان اساتذہ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کسی بھی وقت ان سے رجوع کر سکتے ہیں۔