زکریا یونیورسٹی میں ہاتھ دھونے کا عالمی دن منایا گیا
بہاءالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے شعبہ ایگریکلچر انجنیرنگ میں واٹر ایڈ کے اشتراک سے ہاتھ دھونے کے عالمی دن کے حوالے سے سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا ، تقریب کی صدارت چیئرمین شعبہ زرعی انجینئرنگ ڈاکٹر محمد شعیب نے کی جبکہ مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر حکومت علی تھے، سیمینار کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر آفتاب نذیر نے انجام دیئے ۔
اِنڈس ہسپتال مظفر گڑھ سے ایک کنسلٹنٹ ڈاکٹر، ڈاکٹر ملک اعجاز احمد کنہوں نے اِس اہم موزوں پر ایک خصوصی لیکچر دیا، جس میں طلباء وطالبات کو ہاتھوں کی صفائی کی اہمیت اور ہاتھ دھونے کے مناسب طریقوں بارے آگاہی فراہم کی گئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ڈاکٹر حکومت علی نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے ہاتھ دھونا ہماری روایات میں شامل ہے جسے چھوڑ دیا گیا ہے، طلباء کو چاہیےکہ وہ صابن اور صاف پانی سے ہاتھ دھونے کی عادت ڈالیں ۔
پروفیسر ڈاکٹر صغیر احمد نے کہا بطور مسلمان ہمارے جسم،کپڑوں اور ہاتھوں کا صاف ہونا ضروری ہے، اس لیے ہاتھ دھونے کے پیغام پر سنت سمجھ کر عمل کیا جائے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات انجینئر محمد ادریس نے کہا یہ ایک اچھا ایونٹ ہے معاشرے میں ہم جو بھی کام کرتے ہیں اس میں سب سے پہلے ہاتھوں کا استعمال کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہاتھ اچھے طریقے سے دھوئیں، لیکن نل کھول کر نہ رکھیں اور پانی کا بے دریغ استعمال نہ کریں کیونکہ اس سے ایک تو پانی کا ضیاع ہوتا ہے دوسرا ماحول پر بھی منفی اثر پڑتا ہے ۔
سیمینار کے اختتام پر ڈیپارٹمنٹ سے واک کا اہتمام بھی کیا گیا، جس میں طلباء ، فیکلٹی ممبران ، ڈاکٹرز ، ڈبلیو ڈبلیو ایف اور ایمری کے افراد نے شرکت کی۔