قومیں ہمیشہ تعلیم و ریسرچ کلچر سے بنتی ہیں، سڑکوں پر آنے سے نہیں بنتی : بلیغ الرحمان
گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ قومیں ہمیشہ تعلیم و ریسرچ کلچر سے بنتی ہیں سڑکوں پر آنے سے نہیں بنتی ہیں ، سپیشل پرسنز ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں ۔
بہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں پرائم منسٹر الیکٹرک ویل چیئرز پروگرام کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ سپیشل پرسنز وی آئی پی بچے ہیں، اور حکومت کی جانب سے فری ویل چیئرز کی تقسیم جو اعتماد دے گی وہ ناقابل بیان ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر وترقی اور اس کے وژن کو آگے لے جانے کے بعد یہ سہرا بھی میاں نواز شریف کو جاتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں نفرتوں کی بجائے محبتوں کو عام کرنا ہے ، اور سنی سنائی باتوں پر عمل سے گریز کرنا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2013سے 2018 تک ملک میں جتنی ترقی ہوئی وہ سابق دور میں نہیں ہوئی ۔
انہوں نے کہا کہ ہم 120 ارب ڈالر چھوڑ کر گئے تھے جو بعد میں 60 ارب ڈالر رہ گئے، اور ملک میں صرف بیڈ گورننس اور کرپشن رہ گئی جبکہ ملک کا قرضہ 80 فیصد تک بڑھ گیا اور ابھی ہماری حکومت نے 12 ارب ڈالر سے زائد قسطیں ادا کی ہیں، اور ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کا یہ بھی اعزاز ہے کہ افراط زر کو ہمیشہ کم کیا، انہوں نے کہا کہ تمام یونیورسٹیاں سپیشل بچوں کو تمام سہولیات فراہم کریں ۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ ہم سب نے اپنے بچوں کی نہ صرف حوصلہ افزائی کرنی ہے بلکہ ان کو برابری کے حقوق دینے ہیں اور یقیناً یہ سپیشل بچے لیڈر کے طور پر سامنے آئیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا یقین ہے کہ ملک تعلیم کے ذریعے ہی ترقی کر سکتا ہے ۔
وائس چانسلر نے گورنر پنجاب کی بہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان آمد پر خصوصی شکریہ ادا کیا ، اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کی ٹیم ممبران کا بھی شکریہ ادا کیا ۔
تقریب سے فوکل پرسن در شہوار ، ڈاکٹر جویریہ عباس نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب کے اختتام پر گورنر پنجاب نے وائس چانسلر اور مہمانان گرامی میں شیلڈز اور سپیشل بچوں میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے ۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے بھی گورنر پنجاب بلیغ الرحمن کو خصوصی شیلڈ پیش کی ۔
تقریب میں سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی ، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کامران ، ڈاکٹر محمد رمضان ، ڈاکٹر عظمیٰ قریشی سمیت ممبران سینڈیکیٹ اور چیئرمین و ڈین حضرات نے بھی شرکت کی ۔