984 ریونیو ٹیکس نادھندگان کے گرد گھیرا تنگ، جائیداد بلاک کردی گئیں

حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے ریونیو ٹیکس نادھندگان کے گرد گھیرا تنگ کردیا ہے، اس سلسلے میں عرصہ دراز سے سرکاری واجبات ادا نہ کرنے والے نادہندگان کو قانون کے شکنجے میں لانے کی کوششیں شروع کردی گئیں ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم خاں کی ہدایت پر گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر صدر عدنان بدر نے تحصیل صدر کے 984 نادھندگان کی جائیدادوں کو بلاک کردیا، اور انکی جائیداد قرقی کے وارنٹ بھی جاری کردیے۔
گزشتہ روزاسسٹنٹ کمشنر صدر کی زیر صدارت اجلاس میں شکنجہ مزید تنگ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے سرکاری نادھندگان کے خلاف بھرپور کارروائی کا ٹاسک دیا ہے۔ریونیو افسران تمام نادھندگان کے نام عوامی مقامات پر آویزاں کریں۔
عدنان بدر نے کہا کہ نادھندگان کی جائیدادوں کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کردی گئی ہے، جبکہ اگلے مرحلے میں قانونی کارروائی کا آغاز بھی کیا جائے گا۔


















