سرکاری سکولوں اور کالجز کے ہونہار طلباء میں کروم بکس تقسیم کرنے کا اعلان

حکومت کے ڈیجیٹل پاکستان انیشیٹو پروگرام کے تحت کروم بکس تقسم کی جائیں گی ، جس کا مقصد تعلیمی نظام میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔
ذرائع کے مطابق انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) نے ہونہار طلباء کا ڈیٹا ایک بار پھر تمام تعلیمی بورڈز سے طلب کر لیا ہے، اس سے قبل 19 جنوری کو بھی تعلیمی بورڈز سے ڈیٹا مانگا گیا تھا، تاہم مکمل معلومات فراہم نہ ہونے پر آئی بی سی سی نے دوبارہ مراسلہ جاری کیا ہے۔
حکومت کی جانب سے ڈیجیٹل پاکستان انیشیٹو پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، جبکہ آئی بی سی سی نے بھی تمام تعلیمی بورڈز کو جاری کردہ مراسلے پر فوری عملدرآمد کا حکم دیا ہے۔
ماہرین تعلیم کے مطابق کروم بکس اور ٹیبلٹس کی تقسیم سے طلباء کو جدید تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی اور ڈیجیٹل لرننگ کو فروغ ملے گا، جس سے مجموعی طور پر تعلیمی نظام میں بہتری آنے کی توقع ہے۔



















