طلباء کے امتحانی نتائج کو سرکاری فنڈز کی ادائیگی سے براہ راست منسلک کرنے کا فیصلہ

پنجاب حکومت نے آؤٹ سورس کیے گئے سرکاری اسکولوں کی تعلیمی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ایک نیا اقدام اٹھاتے ہوئے طلباء کے امتحانی نتائج کو سرکاری فنڈز کی ادائیگی سے براہ راست منسلک کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئے فیصلے کے تحت وہ آؤٹ سورس اسکول ہی سرکاری ادائیگی کے اہل ہوں گے جو امتحانات میں 90 فیصد سے زائد کامیابی کا تناسب حاصل کریں گے، جبکہ کمزور کارکردگی دکھانے والے اسکولوں کے فنڈز روک لیے جائیں گے۔
اس اقدام کا مقصد اسکولوں کو بہتر تعلیمی نتائج دینے کا پابند بنانا اور تعلیمی معیار کو مزید بلند کرنا ہے۔اس سلسلے میں پنجاب ایگزامینیشن کمیشن (پیکٹا) آؤٹ سورس اسکولوں کے طلبہ کے لیے خصوصی اسکول بیسڈ ٹیسٹ کا انعقاد کرے گا، ان امتحانات کے نتائج مرتب کر کے پنجاب حکومت کو ارسال کیے جائیں گے تاکہ اسکولوں کی کارکردگی کا شفاف انداز میں جائزہ لیا جا سکے۔
حکام کے مطابق امتحانات کے پرچوں کی چھپائی کے تمام اخراجات بھی پیکٹا خود برداشت کرے گا، جبکہ امتحانی عمل اور ٹیسٹ کی نگرانی ڈویژنل ڈائریکٹرز اور دیگر اعلیٰ افسران کریں گے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
مزید برآں پہلی اور دوسری جماعت کے طلبہ کی تعلیمی استعداد جانچنے کے لیے زبانی امتحان بھی لیا جائے گا، تاکہ ابتدائی درجوں میں بچوں کی سیکھنے کی صلاحیت اور بنیادی تعلیمی معیار کا مکمل جائزہ لیا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد آؤٹ سورس اسکولوں کی تعلیمی کارکردگی کو بہتر بنانا اور ایسے اداروں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جو معیاری تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔




















