گوادر پاکستان سپر لیگ پلیئرز ڈرافٹ کی میزبانی کرے گا
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج اعلان کیا ہے کہ بلوچستان کا پورٹ سٹی گوادر پاکستان سپر لیگ کے 10ویں ایڈیشن کے پلیئر ڈرافٹ کی میزبانی کرے گا۔پی ایس ایل کا آغاز کرنے والی یہ تقریب 11 جنوری 2025 بروز ہفتہ ہوگی۔
تقریب کے آغاز کا وقت مقررہ وقت پر شیئر کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں ۔
پاکستان سپر لیگ کے لیے مقامی کھلاڑیوں کی کیٹیگریز کی تجدید کر دی گئی
گوادر کو منتخب کرنے کا فیصلہ صوبے کے اس حصے کے لوگوں میں مقبول کھیل کو لے جانے اور آنے والی نسل کو کرکٹ کو ایک پیشہ ور کھیل کے طور پر اپنانے کی ترغیب دینے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ گوادر، اپنی شاندار ساحلی پٹی اور اسٹریٹجک اہمیت کے ساتھ پاکستان کے معاشی مستقبل کے دل کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہاں ایچ بی ایل پی ایس ایل پلیئر ڈرافٹ کی میزبانی کرکے ہمارا مقصد اس کی ثقافتی اور اقتصادی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے ساتھ میں ہماری قوم کو متحد رکھنے والے کرکٹ کے کھیل کا جشن بھی منانا۔
میں 11 جنوری کو خوبصورت شہر گوادر میں تمام فرنچائز اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کا خیر مقدم کرنے کا منتظر ہوں کیونکہ ہم پاکستان کے سب سے بڑے کھیلوں کے ایونٹ کے 10ویں ایڈیشن کے آغاز کی طرف ایک اہم قدم اٹھا رہے ہیں۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ مجھے گوادر کو ایچ بی ایل پی ایس ایل کے پلیئر ڈرافٹ کے میزبان شہر کے طور پر اعلان کرنے پر بہت فخر ہے۔ یہ اقدام ایچ بی ایل پی ایس ایل کی رسائی کو پاکستان کے کونے کونے تک پھیلانے اور پاکستان کی خوبصورتی کو دنیا کے سامنے دکھانے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل پاکستان کے ُپرجوش شائقین کے لیے ایک کرکٹ لیگ سے بڑھ کر ہے، یہ پاکستان کے جذبے، خوبصورتی اور ٹیلنٹ کا امتزاج ہے۔ گوادر میں ہونے والا پلیئر ڈرافٹ بلوچستان اور ملک کے دیگر شہروں کے نوجوان کرکٹرز کو بڑے خواب دیکھنے کی ترغیب دینے کی جانب ایک قدم ہے۔
کھلاڑیوں کی ریلیگیشن اور ریٹینشن کا اعلان دسمبر کے آخر میں کیا جائے گا۔