حضرت بہاءالدین زکریا ملتانی ؒ کا 782ویں سالانہ عرس شروع ہوگیا

جنوبی ایشیاءمیں سلسلہ سہرودیہ کے عظیم روحانی پیشوا شیخ الاسلام حضرت غوث بہاءالدین زکریا سہروردی ملتانی ؒ کے 782 ویں سالانہ عرس کی سہ روزہ تقریبات دربارعالیہ قاسم باغ ملتان میں شروع ہو گئیں۔
تقریبات کا آغاز درگاہ کے سجادہ نشین و وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود حسین قریشی نے مزار کو غسل دے کر کیا۔ اس تقریب میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدومزادہ زین حسین قریشی ‘ مخدومزادہ محمد سجاد حسین قریشی‘ پیر سیف احمد قریشی‘ صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور پیر سید سعید الحسن شاہ ‘ صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک ‘ معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب حاجی جاوید اختر انصاری‘ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی‘ ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ اوقاف محمد اطہر مسعود ‘ ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم خان ‘ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمر الزمان قیصرانی‘ سابق صوبائی وزیر معین الدین ریاض قریشی‘ بریگیڈیئر(ر) مقصود قریشی ‘ پاکستان زکریا اکیڈمی کے جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق خان قادری ‘ ڈاکٹر آصف قریشی‘ پیرارشاد علی قریشی‘ زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف رانا طارق علی ‘ ڈسٹرکٹ منیجراوقاف سید ایاز الحسن گیلانی‘ شیخ شاہد مظفر ‘ پیر شیخ اعجاز علی قادری سہروردی‘ حمید نواز عاصم اور احمد نواز عصیمی سمیت سینکڑوں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنی دعا میں کہا کہ آج ہمارے دل بہت بوجھل ہیں۔
کورونا وباءاور صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر عرس کی تقریبات کو بہت محدود کیا گیا ہے، جو لوگ شریک نہیں ہوسکے وہ روحانی طور پر یہاں حاضر ہیں۔
میں غوث پاک کے زائرین اور عقیدت مندوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنے گھروں میں بیٹھ کر درود پاک پڑھ کر روحانی طور پر عرس کی محفل میں شریک ہوں ۔
انشاءاللہ وباءکے ختم ہونے کے بعد عرس کی تقریبات حسب روایت منائیں گے۔اور انشاءاللہ ان آستانوں کی رونقیں ہمیشہ بحال رہیں گی۔
اس موقع پر انہوں نے مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی ‘ ملکی سالمیت و استحکام اور کورونا وباءکے خاتمے کے لئے خصوصی دعا کی۔
تقریب غسل اور چادر پوشی میں ممتاز نعت خوانان حمید نواز عاصم ‘ احمد نواز عصیمی اور حاجی غلام شبیر قادری نے ہدیہ عقیدت پیش کیا۔
واضح رہے کورونا وائرس کے خطر ناک پھیلاؤ کو مد نظر رکھتے ہوئے عرس کی تقریبات کو محدود کردیا گیا ہے اور سالانہ زکریا کانفرنس کی تمام نشستیں کو بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔


















