ماسٹرز اور پی ایچ ڈی ڈگری پروگرامز کے لیے مکمل اسکالرشپس آگئے

ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے بین الاقوامی اعلیٰ تعلیم کے خواہشمند طلبا کے لیے اسکالرشپس حاصل کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتے ہوئے درخواستیں طلب کر لی ہیں، جن کے تحت منتخب طلباء کو بیرونِ ملک اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے مطابق طلبا کو ماسٹرز اور پی ایچ ڈی ڈگری پروگرامز کے لیے مکمل اسکالرشپس فراہم کی جائیں گی۔ ماسٹرز کی سطح پر فنانس، بزنس، انجینئرنگ، سیاسیات، صحافت اور بگ ڈیٹا جیسے شعبوں میں اسکالرشپس دی جائیں گی۔
اسی طرح پی ایچ ڈی پروگرامز کے لیے فزکس، بیالوجی، انوائرمنٹل سائنسز، میتھمیٹیکل سائنسز، پبلک مینجمنٹ، آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) سمیت دیگر جدید اور اہم شعبوں میں اسکالرشپس فراہم کی جائیں گی۔
سکالرشپس میں ٹیوشن فیس، رہائش، میڈیکل سہولیات اور ماہانہ وظیفہ شامل ہوگا، جس سے طلباء کو تعلیمی اور مالی سہولت میسر آئے گی۔ منتخب طلبا کو چین کی معروف یونیورسٹیوں میں اپنی ڈگریاں مکمل کرنے کا موقع دیا جائے گا۔
ایچ ای سی کے مطابق اسکالرشپس کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 22 فروری مقرر کی گئی ہے، جبکہ خواہشمند طلباء کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے قبل اپنی درخواستیں مکمل کر کے جمع کرائیں۔




















