ایچ ای سی کی انسداد ہراسمنٹ پالیسی، زکریا یونیورسٹی کی فوکل پرسنز اور اپیل باڈی تحلیل

زکریا یونیورسٹی ملتان نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی پروٹیکشن اگینسٹ ہراسمنٹ پالیسی (ریوائزڈ 2025) کے مطابق ایک اہم نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے سابقہ فوکل پرسنز اور اپیلیٹ باڈی کی نامزدگیاں واپس لینے کا اعلان کر دیا ہے۔
ڈپٹی رجسٹرار (لیگل) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، یکم اگست 2025 کو نامزد کیے گئے۔
فوکل پرسنز میں ڈاکٹر شفق ایوب (میڈیکل آفیسر) اور مسٹر طاہر محمود (ڈپٹی ٹریژرر) کی نامزدگیاں پالیسی کی شق 4.1 کے تحت واپس لے لی گئی ہیں، اسی طرح 27 اگست 2025 کو قائم کی گئی اپیلیٹ باڈی بھی پالیسی کی شق 11.3 کے تحت تحلیل کر دی گئی ہے۔
اپیلیٹ باڈی میں شامل چیئرمین انجینئر پروفیسر ڈاکٹر طاہر سلطان (ڈین، فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی) جبکہ اراکین میں ڈاکٹرمنزہ حیات (ایسوسی ایٹ پروفیسر، شعبہ اسلامیات) اور ڈاکٹر محمد بلال (پرنسپل، یونیورسٹی گیلانی لا کالج) شامل تھے۔
نوٹیفکیشن میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ پالیسی کے تحت اگر کسی فریق کو مجاز اتھارٹی کے فیصلے سے، جس میں معمولی یا بڑی سزا عائد کی گئی ہو، اختلاف ہو تو وہ تحریری فیصلے کی وصولی کے 30 دن کے اندر محتسب کے پاس اپیل دائر کر سکتا ہے جبکہ اگر معاملہ کسی طالب علم سے متعلق ہو تو اپیل سینڈیکیٹ یا بورڈ آف گورنرز کے پاس دائر کی جا سکے گی۔


















