وائس چانسلرز کی تعیناتی : سرچ کمیٹیوں کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری
ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے ملتان سمیت پنجاب کی یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کی تعیناتی کےلئے سرچ کمیٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔
یہ بھی پڑھیں ۔
پبلک سیکٹر یونیورسٹیاں شدید ترین بد انتظامی کا شکار
تفصیل کے مطابق پنجاب میں اس وقت 29 یونیورسٹیوں میں وائس چانسلر ز کی تعیناتی ہونا ہے، جس کےلئے صوبائی کابینہ ایک ماہ قبل سرچ کمیٹیوں کی منظوری دے دی تھی، اب ایچ ای ڈی نے ان کمیٹیوں
کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
ڈیرہ یونیورسٹی، بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ، ویمن یونیورسٹی ملتان، صادق یونیورسٹی بہاولپور سمیت پنجاب کے دیگر یونیورسٹیوں کے لئے ان سرچ کمیٹیوں کا ٹاسک مناسب وائس چانسلرز کو تلاش کرنا ہے۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جنرل کیٹگری کی بڑی یونیورسٹیز کی سرچ کمیٹی کا سربراہ ریٹائرڈ بیوروکریٹ اسماعیل قریشی کو بنایا گیا ہے، لیفٹینٹ جنرل ریٹائرڈ محمد اصغر، سابق بیوروکریٹ فرخندہ وسیم، امجد ثاقب جنرل کیٹگری سرچ کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔
ماہر تعلیم ظفر اقبال قریشی جنرل کیٹگری کی نئی یونیورسٹیز کی سرچ کمیٹی کے سربراہ ہیں، ریٹائرڈ بیوروکریٹس فرخندہ وسیم، اعجاز منیر، سابق چیئرمین پی ایچ ای سی ڈاکٹر نظام الدین سرچ کمیٹی کے ارکان ہین۔
ویمن یونیورسٹی ملتان اور بہاولپور سمیت دیگر یونیورسٹی کے وائس چانسلرز کیلئے ماہر معیشت ڈاکٹر عاشہ غوث پاشا کو سربراہ بنایا گیا ہے، اس سرچ کمیٹی کے ارکان میں کیپٹن ریٹائرڈ زاہد سعید، ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا، ڈاکٹر رخسانہ ڈیوڈ شامل ہیں۔
سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن تمام سرچ کمیٹیوں کے ممبر ہوں گے، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ، 65 سال سے زائد عمر کے امیدوار وائس چانسلر بننے کے لئے اہل نہیں ہوں گے جبکہ انٹرویو کے لئے کوالیفائی کرنے کے لئے وائس چانسلرز امیدوار کے لئے 75 فیصد سے 80 فیصد کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔