ہائیر ایجوکیشن ایپٹیٹیوڈ ٹیسٹ کے لیے رجسٹریشن کا اعلان

ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے ملک بھر کی جامعات میں ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگراموں میں داخلہ لینے کے خواہشمند طلباء اور سکالر شپس کے امیدواروں کے لیے ہائیر ایجوکیشن ایپٹیٹیوڈ ٹیسٹ کے لیے رجسٹریشن کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔
اعلامیے کے مطابق یہ ٹیسٹ ان تمام طلبہ کے لیے لازمی ہوگا جو ایسے تعلیمی اداروں میں داخلے کے خواہاں ہیں جہاں اس ٹیسٹ کو بطور معیار تسلیم کیا جاتا ہے۔
اس کے علاوہ ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے زیرِ اہتمام مقامی اور بین الاقوامی اسکالرشپ پروگراموں میں درخواست دینے والے امیدواروں کے لیے بھی اس ٹیسٹ میں شرکت ضروری قرار دی گئی ہے۔
کمیشن کے مطابق رجسٹریشن کی آخری تاریخ 30 مارچ 2026 مقرر کی گئی ہے، جبکہ ٹیسٹ 19 اپریل 2026 کو منعقد ہوگا۔ امیدوار اپنی رجسٹریشن کے سرکاری آن لائن پورٹل کے ذریعے مکمل کر سکتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کا مقصد گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ سطح پر داخلہ لینے والے طلبہ کی علمی استعداد کا جائزہ لینا ہے۔ یہ ٹیسٹ نہ صرف داخلوں کے عمل کو شفاف بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے بلکہ طلبہ کے لیے دستیاب اسکالرشپ مواقع حاصل کرنے میں بھی ایک اہم شرط کے طور پر کام کرتاہے۔



















