ایچ ای سی کی ٹیم کا ویمن یونیورسٹی کا دورہ
ویمن یونیورسٹی ملتان کے شعبہ ماحولیات سائنسز (انوائرمنٹل سائنسز ) کی کارکردگی کا ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ٹیم نے تفصیلی جائزہ لیا۔
معائنہ ٹیموں میں ڈاکٹر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق رجوانہ (چیئرپرسن NAEAC)اور دیگر ممبران کونسل شامل تھے۔
چیئرپرسن ڈاکٹر شازیہ جبین اور ڈاکٹر قمر رباب (رجسٹرار) ڈاکٹر مریم زین، ڈاکٹر عطیہ اقبال اور ڈاکٹر کنول اور ڈاکٹر فرح بھی اس موقع پر شریک ہوئیں۔
ٹیم نے ایچ ای سی کے وضع کردہ معیارات کے مطابق یونیورسٹی کی کارکردگی اور پوسٹ گریجویٹ پروگراموں کا جائزہ لیا ۔
اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے کہا کہ یونیورسٹی ایچ ای سی کی وضع کردہ معیارات پر پورا اترنے کے لیے پر عزم ہے، اور ا س کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے وفد کو یونیورسٹی کی حکمت عملی اور یونیورسٹی کی جامع پالیسی اور کام کرنے کے معیاری طریقہ کار، یونیورسٹی کے ملازمین بشمول اساتذہ اور دیگراسٹاف کے اپنے کام کو لے کر فرائض، شرائط و جواب دہی کے بارے میں بتایا ۔
ایچ ای سی کے وفد نے یونیورسٹی کی رجسٹرار ، اور شعبہ ماحولیات سائنسز کی اساتذہ اور طلباء کے ساتھ ملاقاتیں کیں، اور انکی موجودگی میں یونیورسٹی کے پورٹ فولیو اور تمام تر دستاویزات کی ثبوتوں کے ساتھ جانچ پڑتال کی، اور اطمینان کا اظہار کیا۔اور مزید بہتری کے لیے مشورے دیئے۔
آخر میں ڈاکٹر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق رجوانہ (چیئرپرسن NAEAC) نے کہا کہ کونسل مسلسل کوشش کر رہی ہے اور اداروں پر زور دیتی ہے کہ وہ تدریسی، فیکلٹی کے معیار کو بہتر بنائیں، انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کریں ، اور اسے مضبوط بنائیں اور اپنے ڈگری پروگراموں کے معیار اور درجہ بندی کو بہتر بنانے کے لیے سیکھنے کے وسائل اور سہولیات کو بہتر بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈگری پروگراموں کے معیار کو بہتر بنانا ہے تاکہ انہیں عالمی سطح پر مسابقتی بنایا جا سکے۔