پنجاب کے 126 کالجز کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ، فہرستیں تیار کرلی گئیں

سکولوں کے بعد سرکاری کالجز کی نجکاری کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، 50 جنرل کیڈر اور 76 کامرس ونگ کے کالجز کو آؤٹ سورس کرنے کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں۔
ایچ ای ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِ تعلیم کی سربراہی میں ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی خصوصی ٹیم اس منصوبے پر کام کر رہی ہے اور مختلف پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے، جس میں متوقع مزاحمت اور مختلف گروپس کی ممکنہ حکمتِ عملی بھی شامل ہے۔
انتطامیہ اس امرسے بھی آگاہ ہے کہ اس فیصلے کے خلاف اساتذہ برادری کوئی مضبوط مؤقف اختیار کرسکتی ہے، جس کے باعث پالیسی ساز احتیاط سے آگے بڑھ رہے ہیں۔
اس اطلاع پر اساتذہ شدید پریشانی کا شکار ہیں جبکہ دوسری طرف پی پی ایل اے بھی اندرونی طور پر شدید دباؤ اور تشویش کا شکار نظر آتی ہے کہ اگر اس بڑے اقدام کے خلاف مؤثر مزاحمت نہ کی گئی تو سرکاری کالجز کا مستقبل شدید خطرے میں پڑ جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 50 جنرل کالجز کی ابتدائی لسٹ تیار ہو چکی ہے، جبکہ 76 کامرس کالجز بھی آؤٹ سورسنگ کے لیے نشاندہی شدہ ہیں اور اگلا مرحلہ کسی بھی وقت شروع ہوسکتا ہے۔
ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ یہ وقت فیصلہ کن ہےاگر ابتدا میں ہی مزاحمت نہ کی گئی تو سرکاری کالجز کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کا سلسلہ رکنے والا نہیں، اور یہ اقدام پنجاب کے سرکاری تعلیمی ڈھانچے میں بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ بن سکتا ہے۔


















