کھیلتا پنجاب کے مقابلے جاری
خصوصی معاون ممبر پنجاب اسمبلی سلمان نعیم نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے ہردور میں نوجوان نسل کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا ہے، لیپ ٹاپ سکیم کاروبار کے لیے بلاسود قرضہ ایجوکیشن کے لیے سہولیات سمیت کافی منصوبے مسلم لیگ کے دور حکومت میں پایہ تکمیل تک پہنچے، اب بھی جہاں بچہ بچہ موبائل اور سوشل میڈیا کا دلدادہ ہے وہاں ان کو صحت مندانہ ماحول فراہم کرنے اور مثبت سرگرمیوں کی طرف مائل کرنے کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز نے یوتھ افئیرز اینڈ سپورٹس بورڈ پنجاب کو ہدایت کی جس پر پورے پنجاب میں نوجوانوں کے لیے کھیلتا پنجاب کے نام سے مختلف کھیلوں کے مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا ہے، وہ کھیلتا پنجاب پروگرام 2024کے سلسلہ میں ملتان آسٹروٹرف ہاکی اسٹیڈیم میں ہاکی کے ایونٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
ڈسڑکٹ سپورٹس آفیسر ملتان فاروق لطیف نے معزز مہمان کا استقبال کیا، اس موقع پر چوہدری اشفاق سفیر حسین نقوی محمد ارسلان خرم نقوی بھی موجود تھے۔
سلمان نعیم نے ربن کاٹ کے ہاکی کے ایونٹ کا افتتاح کیا اور بوائز اینڈ گرلز کھلاڑیوں سے معزز مہمان کا تعارف کرایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے، یہاں پر اتنی تعداد میں بچوں کو کھیلتا دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، ہماری حکومت کا ویژن بھی یہی ہے کہ نوجوان نسل کو موبائل کی لت سے بچا کر صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف مائل کرنا ہے، تبھی کھیلتا پنجاب پروگرام میں کھلاڑیوں کے لیے پرکشش انعامات بھی رکھیں ہیں تاکہ ان کی بھرپور حوصلہ افزائی ہوسکے۔