زکریا یونیورسٹی میں ہاکی سٹیڈیم اور کوچنگ سنٹر کا قیام، منصوبے کا افتتاح ہوگیا

بہاءالدین زکریایونیورسٹی ملتان میں پہلے ہاکی سٹیڈیم کی تعمیرکا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا۔
ہاکی سٹیڈیم کی تعمیر کے لیے تختی کی نقاب کشائی چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد نے کی، جبکہ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی ، وائس چانسلر گومل یونیورسٹی ڈاکٹر مسرور احمد ، وائس چانسلر خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک ڈاکٹر جوہر خان و دیگر انتظامی افسران بھی موجود تھے۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے تعمیر کیے جانے والے اس منصوبہ پر 164 ملین خرچ ہونگے، اور 18 ماہ کی مدت میں یہ منصوبہ مکمل کیاجائے گا ۔
پہلے مرحلے میں پویلین کی تعمیر مکمل کی جائے گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں آسٹروٹرف بچھائی جائے گی ، اور تیسرے مرحلے میں کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے ریسورس سنٹر تعمیر کیاجائے گا۔
اس اہم پراجیکٹ کے کوآرڈینیٹر فرحان میر ہیں، جبکہ شعبہ پی ڈی سے ماہر انجینئر کی خدمات بھی انہیں حاصل ہیں۔



















