شہریوں کو خدمات کی باآسان فراہمی پنجاب پولیس کی اولین ترجیح :آئی جی پنجاب

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ شہریوں کی جان ومال کے تحفظ، جرائم پیشہ عناصر کے قلع قمع اور شہریوں کو خدمات کی باآسان فراہمی پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔
لہذا سپروائزری افسران سمارٹ اینڈ کمیونٹی پولیسنگ کے مطابق جرائم کنٹرول اور سروس ڈلیوری کو بہتر بنائیں۔
آئی جی پنجاب نے کہاکہ غریب اور بزرگ شہریوں کو ریلیف دینے اور خواتین سے متعلقہ جرائم کی روک تھام کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔
راؤ سردار علی خان نے کہاکہ ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر برداشت نہیں، کرائم کی فری رجسٹریشن کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ منظم جرائم کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں اور آپریشنز کے ساتھ ساتھ انویسٹی گیشن پر خصوصی توجہ دی جائے۔
آئی جی پنجاب نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ، سول سوسائٹی اور والدین کے تعاون سے پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ پر خصوصی مہم چلائی جائے اور قانون شکنوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی میں تاخیر نہ کی جائے۔
آئی جی پنجا ب نے کہا کہ منشیات کے خلاف تعلیمی اداروں کے ساتھ مل کر خصوصی مہم چلائی جائے ، اور اشتہاری ملزمان اور عدالتی مفروروں کی گرفتاری میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جنسی جرائم کی روک تھام پر زیروٹالرنس پالیسی اپنائیں اورایسے جرائم میں ملوث ملزمان کو سخت سے سخت سزائیں دلائی جائیں۔
راؤ سردار علی خان نے کہاکہ افسران اوپن ڈور پالیسی کے تحت کھلی کچہری کا باقاعدگی سے انعقاد کریں۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں، نوکری کو عبادت سمجھ کر کریں۔انہوں نے کہاکہ کرپشن پر کوئی سمجھوتا نہیں، کرپٹ عناصر کی پولیس فورس میں کوئی جگہ نہیں۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس اہلکاروں اور شہداء کی فیملیز کی ویلفیئر میری اولین ترجیحات میں شامل ہی ہے اسی لئے اخوت فاؤنڈیشن کے تعاون سے کم تنخواہ والے پولیس ملازمین کو ذاتی گھر کی تعمیر کے لیے 15 لاکھ تک کے قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔
راؤ سردار علی خان نے کہاکہ جزا اور سزا کا نظام اپنایا جا رہا ہے، اچھا کام کرنے والوں کی تعریف اور غلط کام پر سزا ملے گی۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تھانوں کا ماحول بہتر بنانے میں اہلکار مثبت کردار ادا کریں اور تھانے آنیوالے شہریوں کے مسائل پوری توجہ او رلگن کے ساتھ حل کئے جائیں۔
یہ ہدایت انہوں نے آج آر پی او آفس ملتان میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت اور پولیس لائنز ملتان میں دربار سے خطاب کرتے ہوئے جاری کیں۔
آئی جی پولیس پنجاب کو آر پی او آفس آمد پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
ایڈیشنل آئی جی کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان اور آر پی او جاوید اکبر ریاض نے استقبال کیا۔
آئی جی پنجاب راؤ سردار علی نے آر پی او آفس کے لان میں ایروکیریا کا پودا لگایا، جس کے بعد آر پی او آفس ملتان میں آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان اور ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان کی زیر صدارت جنوبی پنجاب کے افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔
دوران اجلاس جنوبی پنجاب امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ اجلاس میں آر پی او جاوید اکبر ریاض نے بریفنگ دی۔
آئی جی پنجاب نے اغواء برائے تاوان میں بچوں کی بروقت بازیابی پر ملتان پولیس کی تعریف کی۔
ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان نے بتایاکہ جنوبی پنجاب کے اضلاع میں سٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ کو فروغ دیا جا رہا ہے، اور تمام اضلاع میں رات کے اوقات میں پٹرولنگ میں اضافہ کیا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب کو خانیوال میں پیش آنیوالے افسوسناک واقعہ کی تفتیش میں پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔
اے آئی جی ڈسپلن عمران شوکت نے جنوبی پنجاب پولیس آفس بارے تفصیلی بریف کیا۔
اجلاس میں سی پی او ملتان خرم شہزاد حیدر، وہاڑی،لودھراں اور خانیوال کے ڈی پی اوز، ایس پی یو،سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ اور ٹریننگ سکول افسران نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے بعد آئی جی پنجاب راؤ سردار علی نے پولیس لائنز ملتان کادورہ کیا اور یاد گار پولیس شہداء پر حاضری پھول چڑھائے فاتحہ خوانی کی۔
انسپکٹر جنرل پولیس نے پولیس شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور شہداء کے اہل خانہ کے مسائل سنتے ہوئے موقع پر حل کے احکامات دیئے۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے پولیس دربار سے خطاب کیا جس میں جنوبی پنجاب کے تینوں ریجنز کے افسران اور ملازمین نے مسائل پیش کئے۔
آئی جی پنجاب نے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں، نوکری کو عبادت سمجھ کر کریں۔
انہوں نے کہاکہ کرپشن پر کوئی سمجھوتا نہیں، کرپٹ عناصر کی پولیس فورس میں کوئی جگہ نہیں ہے، جزا اور سزا کا نظام اپنایا جا رہا ہے، اچھا کام کرنے والوں کی تعریف اور غلط کام پر سزا ملے گی۔
آئی جی پنجاب نے پولیس دربار میں جوانوں کے مسائل سنے، اوراہلکاروں کی درخواست پر تبادلے، مالی امداد، دفتری مسائل کے حل اور چھٹی کی درخواست پر فوری احکامات جاری کیے۔
ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان بھی ہمراہ تھے جبکہ آر پی او جاوید اکبر ریاض اور سی پی او ملتان خرم شہزاد حیدر، خانیوال، لودھراں اور وہاڑی کے ڈی پی اوز بھی موجود تھے۔


















