زکریا یونیورسٹی ملتان : ڈاکٹر فواد رسول کے زیر نگرانی انٹر ڈیپارٹمنٹل ٹیلنٹ ہنٹ مقابلہ

بہاء الدین زکریا یونیورسٹی میں طلباء کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے زکرین سیرت نبویؐ سوسائٹی اور زکرین قرأت و نعت سوسائٹی کے زیر اہتمام ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹرفواد رسول کی نگرانی میں انٹر ڈیپارٹمنٹل ٹیلنٹ ہنٹ مقابلہ منعقد کیا گیا۔
اس مقابلے میں یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی اور اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔
مقابلے میں مجموعی طور پر چھ مختلف کیٹیگریز شامل تھیں جن میں طلبہ و طالبات نے بھرپور انداز میں حصہ لیا۔
ابتدائی مرحلوں کے بعد مقابلے کا فائنل راؤنڈ انسٹیٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس ڈیپارٹمنٹ میں منعقد ہوا جہاں شرکاء نے اپنی بہترین کارکردگی پیش کی اور حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔
تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کو ایوارڈز اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا، اس موقع پر اساتذہ اور منتظمین نے طلبہ کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے اس طرح کی سرگرمیوں کو تعلیمی ماحول کے لیے انتہائی مفید قرار دیا۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے طلبہ کی صلاحیتوں اور ان کے جوش و جذبے کو سراہا اور کہا کہ ایسی مثبت سرگرمیاں نوجوانوں میں اعتماد اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دیتی ہیں۔
انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ اپنی زندگیوں میں حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات کو مشعلِ راہ بنائیں اور علم کے ساتھ ساتھ اعلیٰ اخلاق اور کردار کو بھی اپنائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی اور اخلاقی تربیت بھی نہایت اہم ہے اور انتظامیہ طلبہ کی مثبت صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے آئندہ بھی اس طرح کی سرگرمیوں کا انعقاد کرتی رہے گی۔



















