انٹرمیڈیٹ پارٹ ون کی رجسٹریشن کا شیڈول جاری

میڑک کے دوسرے سالا نہ امتحانات کے نتائج کی بنیاد پر انٹرمیڈیٹ پارٹ ون کی رجسٹریشن کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق طلباء 12 دسمبر تک سنگل فیس کے ساتھ داخلے جمع کرا سکتے ہیں، جبکہ جرمانے کے ساتھ 13 سے 22 دسمبر تک داخلے وصول کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق 5 دسمبر کو جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں داخلوں کی تاریخیں یکم سے 12 دسمبر مقرر کی گئی تھیں، تاہم 12 میں سے پانچ دن گزر جانے کے بعد طلباء کے پاس صرف سات دن باقی رہ گئے ہیں۔ اساتذہ نے نشاندہی کی ہے کہ بینک تعطیلات نکال کر عملی طور پر صرف چار ورکنگ دن بچتے ہیں، جس سے طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب والدین نے مہنگائی کے باعث سنگل فیس جمع کرانا بھی مشکل قرار دے دیا ہے اور ڈبل و ٹرپل جرمانوں پر گہری تشویش ظاہر کی ہے، والدین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ داخلہ شیڈول پر فوری نظرثانی کر کے طلبہ اور والدین کی مشکلات کم کی جائیں۔




















