بچوں کا ادب: ماضی، حال اور مستقبل’ کے موضوع پر تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد

اکادمی ادبیات پاکستان کے زیر اہتمام ‘بچوں کا ادب: ماضی، حال اور مستقبل’ کے موضوع پر تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد 24 مئی سے ہو رہا ہے۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور کانفرنس کے دوسرے روز ‘بچوں کے ادب کے فروغ میں رسائل کا کردار’ کے موضوع پر سیشن کی صدارت کریں گے۔
اس موقع پر سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ادب اطفال کے فروغ، بچوں میں معیاری ادب پڑھنے اور لکھنے کی اہمیت اجاگر کرنے اور کتاب دوست معاشرے کی تشکیل کے علاوہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کی طرف سے ‘فروغ’ پروگرام اور ماہ نامہ ‘روشنی’ میگزین کے حوالے سے آگاہی فراہم کریں گے۔
واضح رہے کہ بچوں کے ادب کی آبیاری، سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم بچوں میں مطالعہ کی عادت متعارف کروانے، تحریر نگاری کے ذوق کو اجاگر کرنے اور قومی زبان اردو کی ترویج کے لیے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب نے ‘فروغ’ کے نام سے ایک جامع منصوبہ شروع کیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت اب سے چند ماہ پیشتر پاکستان کے پہلے باقاعدہ آن لائن میگزین ‘روشنی’ کا اجراء کیا گیا تھا جو اب ارتقائی مراحل طے کرتے ہوئے کتابی شکل بھی اپنا چکا ہے اور ماہوار شائع ہوتا ہے۔
ماہ نامہ ‘روشنی’ چار مہینوں میں ہی اپنی اشاعت کے اعتبار سے پاکستان میں بچوں کے سب سے بڑے میگزین ہونے کا اعزاز حاصل کر چکا ہے۔ سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور کے مطابق ادب اطفال ہی بچوں کی ذہن سازی کا بہترین ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کے معیاری ادب کی تخلیق اور ادیبوں کی فلاح و بہبود اور تربیت کے لیے اکادمی ادبیات پاکستان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔




















