انٹرنیشنل الیون نے کمشنر ملتان الیون کو دو کے مقابلے میں چار گول سے ہرادیا
سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان اور ملتان ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ایک نمائشی میچ ملتان ہاکی اسٹیڈیم متی تل روڈ میں کھیلا گیا، جس میں انٹرنیشنل الیون نے کمشنر الیون ملتان کو دو کے مقابلہ میں چار گول سے ہرا دیا۔
میچ کی خاص بات اولمپین اور انٹر نیشنل ہاکی پلیئرز کی کثیر تعداد کا اس میچ میں حصہ لینا تھا۔
میچ کے مہمان خصوصی برگیڈیر ملک مسرور احمد اور خالد محمود ڈی جی ایچ آر میپکو تھے، ان کے ہمراہ رانا ندیم انجم ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان، میاں ظفراللہ بھٹی صدر ملتان ڈسڑکٹ ہاکی ایسوسی ایشن، مرزا وحید پاکستان واپڈا ہاکی کوچ۔کامران شریف سیکرٹری ملتان ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن بھی موجود تھے، جنہوں نے یہ شاندار میچ دیکھا اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے کھیل سے محظوظ ہوئے۔
انٹرنیشنل الیون کی طرف سے رانا عبدالوحید نے دو۔جبکہ عمر بھٹہ۔اور تصور نے ایک ایک گول کیا، جبکہ کمشنر الیون کی طرف سے توثیق اور اعجاز نے ایک ایک گول کیا۔
میچ میں شامل انٹر نیشنل اور اولمپین کھلاڑیوں نے شاندار میچ کے انعقاد پر سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان اور ملتان ہاکی ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کیا ، اور ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے میچز منعقد کیے جائیں گے۔