بین الاقوامی فقہ کانفرنس : عدالتی خلع اور پاکستان کے دیگر عائلی قوانین پر تحقیقی مقالات پیش
شعبہ علوم اسلامیہ بہاء الدین زکریا یونی ورسٹی ملتان میں فقہ الاسرۃ اور پاکستانی قانون: عدالتی خلع کی فقہی اطراف کا اختصاصی مطالعہ کے عنوان سے پہلی ایک روزہ بین الاقوامی فقہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
کانفرنس کے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر عبد القدوس صہیب چیئرمین شعبہ علوم اسلامیہ بہاء الدین زکریا یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر الطاف حسین لنگڑیال اسلامک ریسرچ سینٹر بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد اعجاز شیخ زاید اسلامک سینٹر لاہور، مفتی ڈاکٹر عبدالباسط شیخ زاید اسلامک سینٹر لاہور،اور پروفیسر ڈاکٹر ارشد منیر لغاری غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان اور ڈاکٹر سعید احمد سعیدی پنجاب یونیورسٹی لاہور تھے۔
اس کے علاوہ مہمانان اعزاز میں خواجہ غلام قطب الدین فریدی ، ڈاکٹر راغب حسین نعیمی ڈاکٹر حافظ نصر اللہ ناصر صاحب سینئر مدرس جامعہ فریدیہ فیض الاسلام اورمفتی عبدالمجید نائب مفتی دارالافتا دار العلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ شریف تھے۔
بین الاقوامی مہمانوں میں ڈاکٹر منیر حسین الازہری یو کے سے اور ڈاکٹر مشرف حسین کریمیہ انسٹیٹیوٹ یوکے نے شرکت کی۔
کانفرنس میں محققین سکالرز نے عدالتی خلع اور پاکستان کے دیگر عائلی قوانین پر تحقیقی مقالات پیش کیے۔
ڈاکٹر سعید احمد سعیدی نے کانفرنس کا اعلامیہ پیش کرتے ہوئے یہ واضح کیا کہ عدالتی خلع کے حوالے سے قانونی اور شرعی اصلاحات کی اشد ضرورت ہے۔
اس مسئلے پر علماء اور عدلیہ کے مابین ایک گہری خلیج پائی جاتی ہے جس کو باہمی علمی مذاکرے اور مباحثہ کے انعقاد سے ختم کیا جاسکتا ہے۔
خاندانی نظام کی بقا اور اس کے تحفظ کے لیے ضروری ہے کہ مل بیٹھ کر اس عدالتی خلع کے حوالے سے پیدا ہونے والی الجھنوں کو حل کیا جائے۔
عوام الناس میں جو کنفیوژن پائی جارہی ہے اس کا حل اسی میں ہے کہ عدلیہ اور علماء کے درمیان علمی مباحث کو فروغ دیا جائے۔