ایمرسن یونیورسٹی ملتان میں انسانی حقوق کے عالمی دن پر تقریب کا انعقاد
تقریب میں مختلف شعبہ جات کے اساتذہ، طلبہ اور مہمانوں نے بھرپور شرکت کی، تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر ڈاکٹر محمد رمضان تھے۔
تقریب میں ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر قرۃ العین، ڈاکٹر عظمیٰ، ڈاکٹر علیم اشرف، ڈاکٹر وردہ، ڈاکٹر نعیم، ڈاکٹر امبر، ڈاکٹر وقاص، ڈاکٹر رابعہ اور پروفیسر شفقت عباس (سیکریٹری ٹو وائس چانسلر) نے بھی شرکت کی۔
وائس چانسلر ڈاکٹر محمد رمضان نے اپنے خطاب میں کہا کہ رسول اللہ ﷺ رحمت اللعالمین تھے اور انسانیت کے سب سے بڑے محافظ، علمبردار اور رہنما ہیں، اسلام ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے جو انسانیت، حقوق و فرائض اور عدل و انصاف پر مبنی ہے۔ دینِ اسلام نے نہ صرف ہمسایوں بلکہ والدین، اولاد، بیوی، شوہر اور دیگر تمام رشتوں کے حقوق کا تفصیلی ذکر کیا ہے۔
پاکستان کا آئین تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کا ضامن ہے، جس میں مذہبی، سماجی اور معاشی حقوق شامل ہیں، انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے کردار سے یہ ثابت کریں کہ ایمرسن یونیورسٹی کے طالب علم نہ صرف علمی میدان میں بہترین ہیں بلکہ انسانی خدمت اور حقوق کی پاسداری میں بھی نمایاں ہیں۔
وائس چانسلر نے کہا کہ ہمیں اپنی صلاحیتوں کو خدمتِ خلق اور فلاحِ انسانیت کے لیے وقف کرنا چاہیے اور شیطان کے وسوسوں کو اپنی قوتِ ایمانی سے شکست دینی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کو چاہیے کہ وہ اپنے ہمسایوں، معاشرے، ملک اور پوری انسانیت کے حقوق کا خیال رکھیں اور اپنے عمل و کردار سے ایک روشن مثال قائم کریں۔ ایمرسن یونیورسٹی کے ہر طالب علم کا یہ فرض ہے کہ وہ علم کے حصول کے ساتھ ساتھ اپنے کردار سے یہ ثابت کرے کہ وہ انسانی حقوق کی حفاظت اور خدمتِ خلق کے لیے پُرعزم ہے۔