ویمن یونیورسٹی ملتان میں کھیلوں کا عالمی دن برائے ترقی و امن بھرپور جوش و خروش سے منایا گیا

ترجمان کے مطابق ویمن یونیورسٹی ملتان میں کھیلوں کا عالمی دن برائے ترقی اور امن نہایت جوش و خروش اور بھرپور انداز میں منایا گیا، جس کا مقصد کھیلوں کے ذریعے امن، اتحاد، برداشت اور مثبت سماجی تبدیلی کے فروغ کو اجاگر کرنا تھا۔
اس موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے رجسٹرار ڈاکٹر دیبا شہوار نے کہا کہ کھیل محض تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ یہ معاشرے میں امن، برداشت، باہمی احترام اور شمولیت کو فروغ دینے کا ایک مؤثر ہتھیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے ذریعے نوجوان نسل میں مثبت سوچ، برداشت اور دوسروں کو قبول کرنے کا جذبہ پروان چڑھتا ہے، جو کسی بھی مہذب اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہے ایسی سرگرمیاں طلباء کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور انہیں ایک ذمہ دار شہری بننے میں مدد فراہم کرتی ہیں، ویمن یونیورسٹی ملتان طالبات کو نہ صرف تعلیمی میدان میں بلکہ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کھیلوں کو نہ صرف جسمانی فٹنس بلکہ معاشرتی ہم آہنگی، امن اور ترقی کے فروغ کے لیے ایک اہم ذریعہ بنایا جائے گا۔
ڈائریکٹر سپورٹس ڈاکٹر رائمہ نذر نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیل انسان کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے ذریعے نظم و ضبط، برداشت، ٹیم ورک اور قائدانہ صلاحیتیں فروغ پاتی ہیں، جو عملی زندگی میں کامیابی کے لیے ناگزیر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کھیل ایک پل کا کردار ادا کرتے ہیں جو مختلف پس منظر رکھنے والے افراد کو ایک دوسرے کے قریب لاتے ہیں اور اختلافات کو ختم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ وہ خود اعتمادی، مضبوط اعصاب اور چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت پیدا کر سکیں، کھیل ایک صحت مند، پر امن اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریب کے دوران مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوئے جن میں طالبات نے غیر معمولی جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا طالبات نے پوسٹر سازی کے مقابلوں میں بھی حصہ لیا اس موقع پر یونیورسٹی کی طالبات فیکلٹی ممبران اور سٹاف بھی موجود تھا، جس نے کھلوں میں حصہ لیا۔


















