سیکیورٹی تھریٹ : زکریا یونیورسٹی کی بسوں میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی

زکریا یونیورسٹی کہ انتظامیہ نے طلباء، طالبات اور ملازمین کی سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بس روٹس پر سخت مانیٹرنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں ۔
زکریا یونیورسٹی میں سیکورٹی الرٹ جاری، عقبی گیٹ بند کردئے گئے، نئے ایس او پیز جاری
انتظامیہ کے مطابق متعدد شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ یونیورسٹی کی بسوں میں بعض اوقات بیرونی افراد بھی سوار ہو جاتے ہیں، جو نہ صرف قواعد کی خلاف ورزی ہے بلکہ سیکیورٹی کے نقطہ نظر سے بھی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔
سرکاری اعلامیے میں تمام بس کنڈیکٹرز اور ڈرائیوروں کو واضح ہدایت کی گئی ہے کہ بسوں میں صرف یونیورسٹی کے رجسٹرڈ طلباء، طالبات اور ملازمین کو ہی سفر کرنے دیا جائے۔
اس ضمن میں کنڈیکٹرز کی ذمہ داری ہو گی کہ بس میں سوار ہونے والے ہر فرد کی شناخت کی تصدیق کریں اور آؤٹ سائیڈرز کو کسی صورت جگہ نہ دیں۔
آر او ڈاکٹر مقرب کا کہنا ہے کہ ادارہ اپنے سٹیک ہولڈرز کی سیکیورٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ ’’طلباء اور عملے کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، اور اسی مقصد کے تحت بس روٹس پر سختی بڑھا دی گئی ہے،‘ اگر کوئی غیر متعلقہ شخص یونیورسٹی ٹرانسپورٹ میں پایا گیا تو نہ صرف اسے اتارا جائے گا بلکہ متعلقہ ذمہ داران کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اس سلسلے میں ایک جامع مانیٹرنگ سسٹم بھی فعال کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے طلباء و طالبات سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر وہ کسی مشکوک یا غیر متعلقہ فرد کو بس میں دیکھیں تو فوری طور پر ٹرانسپورٹ آفس یا سیکیورٹی ڈپارٹمنٹ کو اطلاع دیں، تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔


















