پی ایس ایل 9: اسلام آباد یونائٹیڈ نے ایونٹ جیتنے کی ہیٹرک مکمل کرلی
کراچی: پی ایس ایل 9 کے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دیکر تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کا 160 رنز کا ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور کی آخری گیند پر حاصل کرلیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ اس سے قبل 2016 میں پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن اور 2018 میں تیسرے ایڈیشن کا ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہے۔
قبل ازیں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سود مند ثابت نہ ہوا، ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔ عثمان خان 57، افتخار احمد 32 اور محمد رضوان 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
خوشدل شاہ 11 رنز ، یاسر خان، ڈیوڈ ولی اور اسامہ میر 6 ، 6 رنز ، جانسن چارلس 4 رنز اور عباس آفریدی 1 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔
کرس جورڈن صفر پر ہی پویلین لوٹ گئے جبکہ نویں نمبر پر بیٹنگ کیلئے آنے والے محمد علی بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے عماد وسیم نے 5 اور شاداب خان نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی بھی فائنل دیکھنے اسٹیڈیم میں موجود ہیں، وہ بطور مہمان خصوصی مقابلے کے اختتام پر انعامات تقسیم کریں گے۔
یاد رہے کہ چوتھی مرتبہ فائنل میں جگہ بنانے والی ملتان سلطانز کو دو مرتبہ لاہور قلندرز کے ہاتھوں مات ہوئی جبکہ اسلام آباد یونائٹیڈ دو مرتبہ فائنل میں پہنچی اور ہر بار سرخرو رہی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کولن منرو، مارٹن گپٹل، سلمان علی آغا، شاداب خان (کپتان)، اعظم خان (وکٹ کیپر)، حیدر علی، عماد وسیم، فہیم اشرف، نسیم شاہ، حنین شاہ، عبید میک کوئے پر مشتمل تھی۔
جبکہ ملتان سلطانز کے سکواڈ میں محمد رضوان (کپتان اور وکت کیپر)، یاسر خان، عثمان خان، جانسن چارلس، افتخار احمد، خوشدل شاہ، کرس جارڈن، ڈیوڈ ولی، اسامہ میر، محمد علی، عباس آفریدی شامل تھے۔