ملتان میں جشن بہاراں کی تیاریاں شروع

شہر اولیاء میں جشن بہاراں کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔
ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے "پھول مہکیں گے،رنگ بکھریں گے اور نکھرے گا ملتان” کے سلوگن کے ساتھ شہر اولیاء کو خوبصورت بنانے کے پلان پر عملدرآمد کا آغاز کردیا ہے۔
سی ای او محمد فاروق ڈوگر نے کمپنی انتظامیہ کو خصوصی صفائی ستھرائی کا ٹاسک دے دیا ہے ، اور کہا ہے کہ رنگ و بُو کے میلے کے موقع پر صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کمپنی کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے ہدایت کی ہے کہ شہر کی تمام شاہراہوں کو چمکایا جائے اور ان کے اطراف میں واٹر سپرنکلنگ کو روزانہ کا معمول بنایا جائے، جبکہ اہم چوکوں پر لائم لائننگ کی جائے، اور شاہراہوں کی گرین بیلٹس کو کوڑا کچرا سے پاک کردیا جائے۔
دوسری طرف کمپنی نے شہر کے تمام سیکٹرز میں آج سے خصو صی صفائی کا آغاز کر دیا ہے۔
بوسن روڈ، چوک کمہارانوالہ، ممتاز آباد،عید گاہ،شمس آباد چوک،چونگی نمبر9 ،قلعہ کہنہ قاسم باغ اور واٹر ورکس روڈ کو نکھارنے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔



















