جائیکا کے اعلیٰ سطحی وفد کا ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کا دورہ
جاپان کوآپریشن انٹرنیشنل ایجنسی کے اعلیٰ سطحی وفد نے چیف ایڈوائزر چی ہو اوہاشی کی سربراہی میں ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کا دورہ کیا اور سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر سے ملاقات کی، اس موقع پر جائیکا کے ڈپٹی چیف ایڈوائزر عابد گل، ایڈیشنل سیکرٹری خواجہ مظہر الحق اور سیکشن آفیسر/ فوکل پرسن ٹرانس ایجوکیشن حنا چوہدری بھی ملاقات میں شریک تھے۔
سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب سے ملاقات کے موقع پر جائیکا کی چیف ایڈوائزر نے ہوٹلوں، دکانوں، کھیتوں اور ورکشاپوں میں کام کرنے والے بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی کے لیے محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے صبح نو اسکول کے منصوبے کی تعریف کی اور صبح نو سکول پراجیکٹ کے تصورات اور اس پراجیکٹ کو کامیابی سے چلانے پر محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی کاوشوں کو سراہا، ملاقات میں سکول سے باہر رہ جانے والے اور معاشرے کے سب سے زیادہ کمزور بچوں اور نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے مواقع مہیا کرنے، جدید متبادل تعلیمی ماڈلز کی پالیسی اور اس کو اپنانے کا نظام وضع کرنے کے لیے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے تعاون پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
چی ہو اوہاشی نے کہا کہ جاپان کوآپریشن انٹرنیشنل ایجنسی محکمہ اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے تعلیمی منصوبوں کے تسلسل میں بہتری لانے، اساتذہ کو جدید تکنیکی مہارتوں سے روشناس کرانے اور آؤٹ آف اسکول بچوں کو سکولوں میں لانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
ایجوکیشن سیکرٹریٹ آمد پر جائیکا کی چیف ایڈوائزر نے اپنے وفد کے ہمراہ یادگاری پودا بھی لگایا۔