جو بائیڈن کا وطن عزیز پاکستان کے ایٹمی اثاثوں بارے بیان بدنیتی پر مبنی ہے:کرامت شیخ
پاک سرزمین پارٹی کے ممبر نیشنل کونسل وصدر جنوبی پنجاب کرامت علی شیخ نے کہا ہے کہ ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے ، امریکی صدر جو بائیڈن کا وطن عزیز پاکستان کے ایٹمی اثاثوں بارے بیان بدنیتی پر مبنی ہے ۔
پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور وطن عزیز کی سلامتی کے لیے اپنا تن من دھن قربان کر نے کو ہمہ وقت تیار ہے۔
کرامت علی شیخ نے مزید کہا کہ بڑھتی ہوئی ہوش ربا مہنگائی نے غریب عوام کا جینا محال کرکے رکھ دیا ہے، جو آ ج اپنے بچوں کا پیٹ بھرنے کی بجائے گھروں کی اشیاء بیچ کر بجلی کے بھاری بھرکم بل بھرنے پر مجبور ہیں ۔
11 جماعتیں حکومت میں ہیں لیکن عوام کو ریلیف دینے کے لیے کارکردگی صفر ہے، اگر یہی صورتحال رہی تو آ نے والے دنوں عوام انہیں مکمل طور پر مسترد کر دیں گے ،کیونکہ ضمنی الیکشن میں حکومت میں شامل جماعتوں کے اکثر امیدواروں کو عوام نے مسترد کر دیا ہے ۔
پی ایس پی عوام کے حقوق کے لیے حقیقی معنوں میں اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے، تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے۔