زکریا یونیورسٹی میں کامیاب نوجوان مرکز کا افتتاح

بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں وزیراعظم کامیاب جوان مرکز کا افتتاح کردیاگیا۔
وزیراعظم کامیاب جوان مرکزکا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصو راکبر کنڈی نے کیا۔
اس موقعہ پر ان کے ہمراہ اساتذہ کرام و انتظامی افسران بھی موجود تھے۔
وزیراعظم کامیاب جوان مرکز کے قیام سے بہاء الدین زکریایونیورسٹی کے طلباء طالبات سمیت 20 لاکھ نوجوانوں کو یوتھ ڈویلپمنٹ سے فائدہ پہنچایاجائے گا، جبکہ طلباء کو مستقبل میں ملازمت کے حصول کے لیے کونسلنگ اور رہنمائی کی سہولیات بھی ایک ہی چھت کے تلے میسر ہوں گی۔
بہاء الدین زکریایونیورسٹی میں قائم کیے جانیو الے جوان مرکز میں طلباء طالبات کے لیے انفارمیشن ڈیسک بھی قائم کردیے گئے ہیں، جہاں حکومت پاکستان کے افسران و سٹاف ممبرز طلباء کو معلومات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ بیک وقت اپنے کسی بھی بزنس کے آغاز کے حوالے سے آگاہی فراہم کریں گے، جبکہ اس کے ساتھ نیشنل جاب پورٹل پر اسی مرکز میں ہی بیٹھ کر باآسانی ملازمت کے حصول کے لیے بھی معلومات حاصل کرسکیں گے اور اپلائی کرسکیں گے ۔
کامیاب جوان مرکز میں ملک بھرسمیت غیرملکی یونیورسٹیوں کے سکالرشپس کو باآسانی سرچ کیاجاسکے گا۔
کامیاب جوان مرکز کے قیام سے جنوبی پنجاب کے طلباء کو قومی دھارے میں لانے ، روزگار اور معاشی با اختیاری دینے ، شہریوں کو مصروف عمل رکھنے سماجی تحفظ فراہم کرنے اور ہر لحاظ سے ان کے مستقبل کے حوالے سے آگاہی حاصل ہوگی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے اس پروگرام کو حکومت کا ایک انقلابی قدم قرار دیا اور کہاکہ جوان مرکز کے قیام سے بہاء الدین زکریا یونیورسٹی کے طلبا ء کے ساتھ جنوبی پنجاب کی یوتھ کو بھی مدد و معاونت حاصل ہوگی، اور ہمارے نوجوان اپنا مستقبل روشن کرسکیں گے۔


















