علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ملتان کیمپس میں کشمیر ریلی
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ریجنل کیمپس ملتان میں 27 اکتوبر کشمیر عوام کے ساتھ یکجہتی کے طور پر یوم سیاہ منایا گیا۔ اس اس سلسلے میں ریجنل کیمپس میں ریلی نکالی گئی، جس میں ملتان کیمپس کے سٹاف اور طلباء وطالبات نے بھر پور شرکت کی ۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل ڈائریکٹر ملتان غلام حسین کھوسہ نے کہا کہ بھار ت نے 27 اکتوبر 1947 کو ڈوگرہ حکمرانوں کی مدد سے جموں اور وادی کشمیر میں فوجیں اتار کر کشمیری عوام کو غلام بنایا تھا، اس غاصبانہ قبضے کی یاد میں ہر سال آج ہی کے دن پوری وادی جموں و کشمیر اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری عوام یوم سیا ہ مناتے ہیں۔
بھارتی فوج شدید مظالم اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کے باوجود کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو سرد نہیں کر سکی، سوال یہ ہے کہ اگر دوسرے ممالک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کو اقوام متحدہ اور دوسرے فورمز پر اٹھایا جا سکتا ہے تو پھر مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے ایسے مسلسل واقعات کو کیوں موضوع نہیں بنایا جا سکتا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت دنیا کے ہر فورم پر اپنے مظلوم بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں ۔
یوم سیاہ کے موقع پر پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کر رہی ہے اور جب قومیں اس طرح بیدار ہوتی ہیں، تو ان کا راستہ نہیں روکا جا سکتا بھارت کے پاس اب اس کے سوا کوئی راستہ نہیں کہ تاریخ کی قوتوں کے سامنے اپنی شکست تسلیم کر لے ۔