کھیلتا پنجاب پنک گیمز؛ ملتان ڈویژن کے ٹرائلز کا اعلان کردیا گیا

حکومتِ پنجاب کی ہدایت پر سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے اکیس سال سے کم عمر خواتین کے لیے 16منتخب کھیلوں کے انٹر ڈویژن مقابلہ جات کا اعلان کردیا۔
پنک گیمز 2026 کے تحت ہر ڈویژن میں 16کھیلوں کے ٹرائلز ہونگے، ٹرائلز کے ذریعے ڈویژنل ٹیموں کو تشکیل دیا جائے گا جبکہ منتخب کھلاڑی لاہور میں اپنی ڈویژن کی نمائندگی کریں۔
گیم ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان عطاالرحمن خان نے ڈویژنل سپورٹس ایسوسی ایشنز اور افسران جن میں پرویز پراچہ باکسنگ، خواجہ حسن ودود ٹیبل ٹینس، محمد انیس خان بیڈمنٹن، شاہد خان لودھی چیس، سہیل اعجاز آرچری، نعیم خالد ووشو خالد خان تیکوانڈو عبدالسعید ہاکی خالد مرزا کراٹے اور رمضان جانی باسکٹ بال شامل تھے سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ٹرائلز 19 جنوری سے 24 جنوری 2026 تک مختلف مقامات پر منعقد ہوں گے، جن میں ڈویژن بھر سے خواتین کھلاڑی شرکت کریں گی۔
شیڈول کے مطابق 19 جنوری بروز پیر صبح 11 بجے گورنمنٹ مسلم ہائی اسکول ملتان میں بیڈمنٹن، جبکہ کراٹے، تائیکوانڈو، ووشو اور باسکٹ بال کے ٹرائلز ڈویژنل سپورٹس کمپلیکس ملتان میں ہوں گے، 20 جنوری بروز منگل صبح 11 بجے ایتھلیٹکس والی بال کے ٹرائلز فٹبال گراونڈ میں جبکہ شطرنج اور ویٹ لفٹنگ کے ٹرائلز جمنیزیم ہال میں ہونگے۔
21 جنوری بروز بدھ صبح 11 بجے ہاکی کے مقابلے ملتان ہاکی اسٹیڈیم متی تل میں ہوں گے۔ 23 جنوری بروز جمعرات صبح 11 بجے رگبی ،ماس ریسلنگ کے ٹرائلز ڈویژنل سپورٹس کمپلیکس ملتان میں منعقد ہوں گے جبکہ 23 جنوری بروز جمعہ صبح 11 بجے ہی ٹیبل ٹینس، آرچری اور باکسنگ کے ٹرائلزڈسڑکٹ اسپورٹس کمپلیکس خانیوال میں ہوں گے24جنوری بروز ہفتہ کو پیڈل ٹینس کے لیے رجسڑیشن ڈویژنل سپورٹس آفس ملتان میں ہوگی تمام ٹرائلز صبح گیارہ بجے شروع ہونگے۔
ان ٹرائلز کی نگرانی مختلف فوکل پرسنز اور اسپورٹس افسران کریں گے جن میں ناصر حسین، ڈاکٹر محمد عدنان، عدنان نعیم، شاہد لطیف، نور خان قیصرانی، فاروق لطیف، محمد حفیظ، عامر رمضان سدھو اور ایم جمشید مجید شامل ہیں۔
عطاالرحمن خان نے مزید بتایاکہ ٹرائلز میں کوئی بھی کھلاڑی بغیر رجسٹریشن کے شرکت کرسکتا ہے تاہم شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کا تعلق ملتان ڈویژن سے ہونا ضروری ہے ان ٹرائلز میں صرف وہ خواتین شرکت کرسکتی ہیں جن کی تاریخ پیدائش یکم جنوری 2006یا اس کے بعد کی ہواور ان کے پاس ایف آرسی یا قومی شناختی کارڈ موجود ہو۔
ملتان ڈویژن کی نمائندگی کرنے والی ٹیموں کو قواعد و ضوابط کے مطابق کنوینس الاونس ڈیلی الاونس اور یونیفارم فراہم کیا جائے گا۔




















