ملتان : گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین نواب پور بنیادی سہولیات سے محروم

حکومتی عدم توجہی ،ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی غفلت لاپرواہی, فنڈز کی عدم دستیابی سے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین نواب پور بنیادی سہولیات سے محروم،مسائلستان کا گڑھ بن گیا،گرلز کالج میں بجلی نہ پانی،3ماہ سے ٹرانسفارمر چوری۔کالج بس اور مین روڈ نہ ہونے سےدور درازکے علاقہ سے طالبات کو آنے جانے میں مشکلات۔
تفصیل کے مطابق گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین نواب پور روڈ کو قائم ہوئے ایک سال4 ماہ کے قریب عرصہ گزر چکا ہے ۔
کالج کی بلڈنگ موجودہ گورنمنٹ کی غلط منصوبہ بندی سے مین روڈ سے دور سنگل روڈ پر تعمیر کی گئی یے۔
کالج مین روڈ سے دور ہونے کے باعث طالبات کو مہنگائی کے دور میں حصول تعلیم کیلئے روزانہ رکشوں پرائیویٹ گاڑیوں کے کرایے لگا کر کالج تک آنا پڑتا ہے۔
ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی غفلت عدم توجہی،فنڈز کی عدم دستیابی سے طالبات کیلئے کالج بس کا انتظام تک نہیں۔ 3ماہ سےکالج کا ٹرانسفارمر بھی رات کی تاریکی میں چوکیدار کو رسیوں سے باندھ کر ذدوکوب کرنے کے بعدچوری کرلیا گیا۔
کالج انتظامیہ نے چوری کی رپورٹ مقامی تھانہ کو بروقت کروائی، مگر حسب معمول پولیس تاحال ٹرانسفارمر چوری کا سراغ لگانے میں ناکام ہے۔
ٹرانسفارمر نہ ہونے سے زیر تعلیم طالبات کیلئے گرمی کے موسم میں پچھلے 3 ماہ سے پانی وبجلی دستیاب نہیں۔اور موجودہ موسمی حالات و درجہ حرارت بڑھنے سے طالبات اور کالج عملہ کا گرمی سے برا حال ہے۔اور بعض طالبات کی گرمی کی وجہ سے طبیعت بھی خراب ہوچکی ہے۔
دوسری طرف عرصہ دراز سے کالج میں مستقل پرنسپل کا عہدہ بھی خالی ہے،ذرائع کے مطابق پرنسپل کا عہدہ خالی ہونے کی وجہ بھی کالج میں بنیادی سہولیات کا نہ ہونا قرار دیا جارہا ہے کہ کالج بیک ورڈ ایریا میں ایسی جگہ بنایا گیا ہے کہ کوئی بھی خاتون پرنسپل کے عہدے پر تعیناتی اور جوائنگ دینے کیلئے تیار نہیں، ادارہ کے سربراہ کی مستقل تعیناتی نہ ہونے، عہدہ عرصہ دراز سے خالی ہونے،سہولیات کی کمی سے کالج میں نیو داخلہ جات بالکل نہیں ہورہے۔اور کالج میں داخل شدہ طالبات کی تعداد میں مسلسل کمی آتی جارہی ہے ۔
ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی غفلت فنڈذ نہ دینے کی وجہ سے 200 سے زائد زیر تعلیم طالبات انکے والدین، بجلی، پانی و کالج کنوینس نہ ہونے سےشدیدپریشان ہیں۔
اہل علاقہ،سول سوسائٹی اور طالبات و والدین نے حکومتی عدم توجہی کے باعث صوبائی وزیر تعلیم ،ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ،ضلعی انتظامیہ ملتان سے سراپا احتجاج ہیں، اور مطالبہ کیا ہے کہ گرلزکالج نواب پور کو مسائلستان سے فوری نکالا جائے ہنگامی بنیادوں پر فنڈز جاری کئے جائیں بنیادی سہولیات بجلی پانی کنوینس اولین ترجیحی بنیادوں پر مہیا کی جائے اور مستقل بنیادوں پر پرنسپل عہدہ کی تعیناتی عمل میں لائی جائے۔تاکہ زیر تعلیم طالبات کا مستقبل تاریک ہونے سے بچایا جاسکے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر کالجز ملتان ڈویثرن ڈاکٹر فرید شریف نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین نواب پور میں پرنسپل کے لئے پینل نے انٹرویو کرلئے گئے ہیں، اور نیو ٹرانسفارمر کیلئے کمشنر ملتان اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو فنڈز اجراء کیلئے مراسلہ بھیج دیا گیا ہے، بہت جلد بنیادی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔


















