ویمن یونیورسٹی ملتان کی 548 طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کردئیے گئے
ترجمان کے مطابق وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے 548 طالبات کو لیپ ٹاپ دیئے گئے۔
اس سلسلے میں ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز کے زیر اہتمام ایک تقریب منعقد ہوئی، جس کی مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ارم شہزادی تھیں، جبکہ مہمان اعزاز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی ارم شہزادی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی دور حاضر کی ناگزیر ضرورت ہے، انہوں نے طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان لیپ ٹاپ کا صحیح استعمال کر کے علم وہنر کے میدان میں انقلاب برپا کریں، یہی وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کا وژن ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیپ ٹاپ محض ایک ڈیوائس ہے، اسکا مثبت استعمال ہی طلبا کی تخلیقی اور تحقیقی صلاحیتوں کو بڑھاتا ہے، نصابی سرگرمیوں کے لیے لیپ ٹاپ ایک بہترین ڈیوائس ہے، اسمارٹ فون کا زیادہ استعمال تعلیمی سرگرمیوں میں زیادہ مفید نہیں ہے۔
لیپ ٹاپ دینے کا مقصد ہے کہ آپ اس کے مثبت استعمال سے اپنی ذہنی اور تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ کریں، اسے ایک طرف نہ رکھیں بلکہ استعمال میں لائیں، طالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم در حقیقت کمیونٹی سروس اور ریسرچ کے لیے ہے، ایسے اقدامات ترقی پسند اور علم پر مبنی معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ سکیم کے ذریعے حکومت کا علم پر مبنی معاشرے کی تعمیر کے لئے ایک فعال قدم ہے، یہ اقدام ڈیجیٹل تبدیلی کی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل کی نشاندھی کرتا ہے۔
ایچ ای سی کے نمائندے بابر رشید نے کہا کہ پہلے فیز میں ہم ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر مرحلے پر قدم پر تصدیقی عمل کو یقینی بنایا گیا ہے، اور میرٹ کے مطابق اہل طلباء کو لیپ ٹاپ سکیم کے لیے منتخب کیا جاتا ہے۔
ڈاکٹر مدیحہ اکرم (فوکل پرسن، پی ایم لیپ ٹاپ سکیم) نے کہا کہ لیپ ٹاپ کی تقسیم وزیراعظم پاکستان کا ایک نہایت مستحکم اور عمدہ اقدام ہے، اس سکیم کا مقصد پاکستان کے باصلاحیت نوجوان ذہنوں کو ان کی تعلیمی سرگرمیوں میں مہارت حاصل کرنے کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ویمن یونیورسٹی کے 1800 طالبات نے پی ایم لیپ ٹاپ سکیم کے لئے درخواستیں جمع کروائی تھی، جن میں سے 548 طالبات کو جانچ پڑتال اور تصدیق کے عمل کو مکمل کرنے کے بعد شارٹ لسٹ کیا گیا، تمام طالبات کو میرٹ کے مطابق لیپ ٹاپ دیئے گئے ہیں۔
اس موقع پر تمام شعبوں کی چیئرپرسنز اور طالبات موجود تھیں۔