وکلاء کا نوازشریف زرعی یونیورسٹی کا دورہ
ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں ملتان بار کے عہدیداران اور سنیئر وکلاء نے دورہ کیا۔
وکلاء نے دورہ کے دوران وائس چانسلر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر آصف علی (تمغہ امتیاز)سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے وکلاء کو زرعی یونیورسٹی کی حاصل کردہ کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ جس رقبہ پر اس وقت جدید طرز کی خوبصور ت عمارات تیار ہیں، اس رقبہ پر قابضین قابض تھے اور بڑی مشکل اور انتھک محنت سے یہ رقبہ واگزار ہوا۔
انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی ملتان اور جلالپور کے قیام کیلئے یونیورسٹی انتظامیہ کی دن رات کی محنت ہوئی ہے جو کہ اب رنگ لا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ زرعی یونیورسٹی خطے کے کسانوں و کاشتکاروں کی ترقی کیلئے کام کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ وکلا ء معاشرے کے اہم ترین افراد ہیں جوکہ انصاف کے اعلی منصب پرفیض سمجھے جاتے ہیں اور معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
وکلاء نے وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا اور خوشی کا اظہار کیا کہ جنوبی پنجاب کے خطے کو ڈاکٹر آصف علی کی شکل میں وائس چانسلر ملا۔
انہوں نے کہاکہ وائس چانسلر انتہائی متحرک انداز میں یونیورسٹی کو ترقی کی جانب لے جارہے ہیں۔انہوں نے مزید وائس چانسلر جامعہ پروفیسر ڈاکٹرا ٓصف علی کو ملنے والے تمغہ امتیا ز اورصدر پاکستان کی جانب سے ملنے والے بیسٹ ٹیچر ایوارڈ پر بھی مبارک باد دی اور کم عرصہ میں یونیورسٹی کی ترقی اور جدید طرز پر تدریسی کوششوں کو سراہا۔
دورہ کے اختتام پر سنیئر وکلاء نے زرعی یونیورسٹی میں یادگاری پودے بھی لگائے۔ اس موقع پر سنیئر وکلاء میں ممبر پاکستان بار کونسل مرزا عزیز اکبر بیگ،ممبران پنجاب بار کونسل سید جعفر طیار بخاری، کونسل سجاد ٹانگرہ، چوہدری شفقت محمود، رانا جنید یاسین، رانا انور علی، راؤ ابو بکر، فراز احمد، رانا ناصر سمیت پروفیسر ڈاکٹر ذولفقار علی اور ٹریثرار جامعہ رفیق فاروقی بھی موجو د تھے۔


















