ویمن یونیورسٹی میں دو کروڑ سے زائد کی لائبریری تیار
ویمن یونیورسٹی ملتان میں دو کروڑ 48 لاکھ مالیت سے جدید سہولیات پر مبنی لائبریری بلاک ایکسٹنشن بلڈنگ کا افتتاح کر دیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ویمن یونیورسٹی کچہری کیمپس میں جدید لائبریری بلاک کی تعمیر مکمل ہوگئی جس پر دو کروڑ 48 لاکھ لاگت آئی ہے، جدید لائبریری بلاک میں تین فلور بنائے گئے ہیں، جن میں کتب خانے، سٹاف آفسز کے ساتھ ساتھ کمپیوٹر لیب کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہیں۔
افتتاحی تقریب کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ تھیں، اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر میمونہ خان پراجیکٹ ڈائریکٹر اسد بھٹہ لائبریرین گل ناز بتول، سمیرا رسول ، اساتذہ اور دیگر افسران موجود تھے۔
اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بلڈنگز ملتان کے سب انجینئر محمد طاہر نے بتایا کہ یہ بلاک ہائیر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ پنجاب کے پراجیکٹ ” بلڈنگ ویمن یونیورسٹی” کے تحت مکمل کیا گیا ہے، یہ لائبریری 7000sq ft ایریا پر مشتمل ہے، جس میں تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ ویمن یونیورسٹی ملتان میں معیاری ریسرچ کی متعدد سہولتیں فراہم کی گئی ہیں اور ڈیجیٹل لائبریری سے ان سہولتوں میں نکھار آئے گا، ہمیں جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا چاہیے، خوشی کی بات ہے کہ ویمن یونیورسٹی جدید ٹیکنالوجی کو اپنی طالبات تک پہنچا رہی ہے، تحقیق اور درس وتدریس میں کتاب کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اس دور میں روائتی لائبریری کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل لائبریری قاری کا کتاب سے تعلق برقرار رکھ سکتی ہے، طالبات کو کتاب دوست بنایا جائے تاکہ وہ تحقیق کے میدان میں شاندار کامیابیاں سمیٹ سکیں۔