میٹرک کی سطح پر دو نئے تعلیمی گروپس متعارف کرانے کی تجویز

ملک بھر میں میٹرک کی سطح پر دو نئے تعلیمی گروپس متعارف کرانے کی تجویز سامنے آ گئی ہے، جن کے تحت ٹیکنیکل اور زراعت سے متعلق مضامین کو باضابطہ طور پر نصاب کا حصہ بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
اس اہم پیش رفت پر مشاورت کے لیے انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) نے مشاورتی اجلاس طلب کر لیا ہے، جو 23 دسمبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں میٹرک کی سطح پر مضامین کی نئی گروہ بندی، متبادل تعلیمی راستوں، اور اعلیٰ تعلیم میں داخلے کے امکانات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، جبکہ انٹرمیڈیٹ کے پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ گروپس میں داخلے کی اہلیت سے متعلق امور پر بھی غور کیا جائے گا۔
مشاورتی اجلاس کے دوران متبادل مضامین کی مساوات، غیر ملکی تعلیمی اسناد کی مساوات، جنرل اور ووکیشنل تعلیم سے متعلق نکات زیرِ بحث آئیں گے، جبکہ میٹرک ٹیکنیکل اور زراعت کے گروپس سے تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے میڈیکل اور انجینئرنگ کالجز میں داخلوں کے امکانات پر بھی مشاورت کی جائے گی۔
اس کے علاوہ تعلیمی اصلاحات کو مؤثر بنانے کے لیے قومی سطح پر ایک ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔




















