میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کا ٹینٹیٹو شیڈول جاری

پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمین (پی بی سی سی )نے سال 2026 کے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کا ٹینٹیٹو شیڈول جاری کر دیا ہے۔
اس شیڈول کی منظوری 15 جنوری 2026 کو ہونے والے پنجاب بورڈز کمیٹی کے اجلاس میں ایجنڈا آئٹم نمبر 5 کے تحت دی گئی، جس میں کنٹرولر امتحانات پنجاب بورڈز کمیٹی/بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن لاہور کی تجویز کو متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔
پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمین کی جانب سے جاری کردہ ٹینٹیٹو شیڈول کے مطابق سال 2026 کے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سیکنڈ اینول (ضمنی) امتحانات کی تاریخیں بھی واضح کر دی گئی ہیں۔
ایس ایس سی سیکنڈ اینول امتحانات 6 اکتوبر 2026 سے شروع ہوں گے، جن کے لیے سنگل فیس کے ساتھ داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 7 سے 19 اگست، ڈبل فیس کے ساتھ 20 سے 25 اگست جبکہ ٹرپل فیس کے ساتھ 26 سے 29 اگست 2026 مقرر کی گئی ہے، جبکہ نتائج کا ٹینٹیٹو اعلان 8 دسمبر 2026 کو متوقع ہے۔
اسی طرح ایچ ایس ایس سی سیکنڈ اینول امتحانات 3 نومبر 2026 سے شروع ہوں گے، جن کے لیے سنگل، ڈبل اور ٹرپل فیس کے ساتھ داخلہ فارم جمع کرانے کی تاریخیں بالترتیب 24 ستمبر سے 6 اکتوبر، 7 سے 13 اکتوبر اور 14 سے 17 اکتوبر 2026 مقرر کی گئی ہیں، جبکہ نتائج 12 جنوری 2027 کو جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
ل پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمین نے واضح کیا ہے کہ یہ تمام تاریخیں ابتدائی اور مشروط ہیں، حتمی فیصلہ متعلقہ تعلیمی بورڈز کی جانب سے جاری کردہ آفیشل نوٹیفکیشن کے بعد ہوگا، لہٰذا طلباء و طالبات اور والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ بورڈز کی ویب سائٹس اور سرکاری اعلانات پر نظر رکھیں۔




















