ایم ڈی واسا برہم کیوں ہوئے ؟؟ سست روی کا شکار سکیموں کی کارکردگی بڑھانے کے لیے ایک ہفتے کا الٹی میٹم

منیجنگ ڈائریکٹر واسا شہزاد منیر سیوریج اور واٹر سپلائی کے ترقیاتی منصوبوں کی پراگریس میں سستی پر شدید برہم، تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز کو سست روی کا شکار سکیموں کی کارکردگی بڑھانے کے لیے ایک ہفتے کا الٹی میٹم دے دیا گیا۔
انہوں نے اس دوران تمام افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی بنیادی سہولیات میں بہتری لانا اور ان کی شکایات کا فوری ازالہ اولین ترجیح ہے ۔
واسا کے زیر انتظام سیوریج کے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کر کے ان کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنایا جائے ۔
انہوں نے سست روی کا شکار منصوبوں کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ سیوریج افسران کو پراگریس بڑھانےکا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔
ڈپٹی ڈائریکٹرز سیوریج اپنی اپنی حدود میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کے حوالے سے ہائی الرٹ رہیں، اگر کہیں کوئی رکاوٹ درپیش ہے تو اس کو فوری طور پر دور کیا جائے ۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔
ڈائریکٹر انجینئرنگ عبدالسلام سمیت تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز انجینئرنگ اجلاس میں شریک تھے۔
اس دوران ایم ڈی واسا شہزاد منیر نے تمام ترقیاتی منصوبوں کی فزیکل اور فنانشل پراگریس کا تفصیلی جائزہ لیا، اور سیوریج افسران کو منصوبوں کی کارکردگی بڑھانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے تمام سیوریج افسران کو اپنی اپنی حدود میں مین ہولز کورز کی سو فیصد موجودگی کو یقینی بنانے اور شکایات کا موثر ازالہ کرنے کا بھی حکم دیا۔



















