زرعی یونیورسٹی میں مینا بازار کا انعقاد

محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی کے گرلز ہاسٹل جیسمین کوٹ میں مینا بازار کا انعقاد کیا گیا، تقریب کا افتتاح رجسٹرار سمعیہ امرین ،پروفیسر ڈاکٹر عرفان احمد بیگ، پروفیسر ڈاکٹر عمر فاروق نے کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تفریحی سرگرمیاں طلباء کی ذہنی و جسمانی نشونما کے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہوتی ہیں کیونکہ یہ نہ صرف تعلیمی دباؤ میں کمی کا باعث بنتی ہیں بلکہ باہمی روابط تخلیقی صلاحیتوں اور خود اعتمادی کو بھی فروغ دیتی ہیں۔
طالبات نے رنگا رنگ اور کھل کھلاتے چہروں کے ساتھ مہندی ،چوڑیوں، گجرے، ہینڈ میڈ جیولری، میک اپ، پینٹنگ، کھیلوں اور مختلف اقسام کے میٹھے اور نمکین پکوانوں کے دل کش سٹال سجائے۔
شرکاء نے اسٹالز سے بھرپور خریداری کی جس سے طالبات کے کاروباری آئیڈیاز کو مزید فروغ ملا اور ان میں خود انحصاری کا جذبہ پیدا ہوا، مینا بازار نہ صرف تفریح کا ذریعہ ثابت ہوا بلکہ طالبات کے لیے عملی کاروباری تجربہ بھی فراہم کیا۔
اس کے ساتھ ساتھ مختلف جھولے، ہارس رائیڈنگ، سلائیڈز اور جمپنگ خصوصی توجہ کے مرکز رہے۔خاص طور پر ڈریگن بوٹ نے تقریب کو چار چاند لگا دیے جہاں بچوں اور طالبات کی بڑی تعداد نے خوب لطف اٹھایا۔
یونیورسٹی طالبات کے علاوہ یونیورسٹی خواتین فیکلٹی اور فیملیز نے بھی بھرپور شرکت کی اور تقریب کو مزید رونق بخشی۔اس موقع پر محمد رفیق فاروقی، ڈاکٹر بنیامین رانا،ہال وارڈن ڈاکٹر پلوشہ خانم،ڈاکٹر ندا فردوس،محمد ذاکر خان، ڈاکٹر انم لیلی،انم اسحاق، مصباح شریف،مصباح صغیر،مس عذینہ،عشرت فاطمہ ، صوفیہ ذوالفقار کے علاوہ طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔


















