ویمن یونیورسٹی میں 99 کروڑ کے پراجیکٹ شروع
دی ویمن یونیورسٹی ملتان میں ایک اور تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے99 کروڑ مالیت کے فارمیسی ، سائنس ڈیپارٹمنٹس، ڈیجیٹل ہب اور ٹرانسپورٹ آفس کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ویمن یونیورسٹی نے ترقی کا ایک اور قدم اٹھاتے ہوئے نئے ڈیپارٹمنٹ کے قیام کی طرف اٹھایا ہے ، اور کروڑوں روپے کی لاگت سے تین ڈیپارٹمنٹ کے سنگ بنیاد رکھ دی گئی ہے ۔
سنگ بنیاد کی تقریب میں پراجیکٹ ڈائریکٹر اسد بھٹہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فارمیسی ڈیپارٹمنٹ کےلئے 96486 فٹ کی جگہ مختص کی گئی ہے ، جبکہ ڈیجیٹل ہب ڈیپارٹمنٹ قائم کیا جارہا ہے جس کی عمارت کےلئے 45367 فٹ جگہ مختص کئی گئی ہے۔
جبکہ ٹرانسپورٹ شیڈ کے لئے 2875 سکوائر فٹ جگہ مختص کئی گئی ہے، یہ پراجیکٹ ترقی کا حصہ ہے جس کے پی سی ون میں توسیع بھی منظور کرلی گئی ہے، اس کےلئے رقم بھی جاری کردی گئی ہے۔
اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے کہا کہ آج یونیورسٹی کی تاریخ کا یادگار دن ہے، ہم نے اس کیمپس کی ترقی کےلئے جو خواب دیکھے تھے ان کے پورا ہونے کا وقت آ گیا ہے، طالبات کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ شعبہ فارمیسی شروع کیا جائے، سو ہم نے جنوبی پنجاب کے لوگوں سے کیا ایک اور وعدہ پورا کر دیا ۔
انٹرنیشنلائزیشن اور یونیورسٹی کے وژن کے مقصد کو آگے بڑھانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، انہوں نے کہا کہ جس طرح پاکستان ماہ رمضان میں قائم ہوا تھا اسی طرح ہم نے یونیورسٹی کی ترقی کی بنیاد رمضان المبارک میں رکھی ہے تاکہ اس ماہ کی برکتیں ہمیشہ اس یونیورسٹی پر برستی رہیں۔
یقین ہے ہم اس یو نیورسٹی کو ایک کامیاب ادارہ بنانے میں کامیاب رہیں گے ، کیونکہ سب محنتی اور اس ادارے سے مخلص ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کام کی بروقت تکمیل سے ویمن یونیورسٹی کے مقصد کو تقویت ملے گی، کیمپس میں معیاری تعلیم کے لیے بہترین سہولیات کی فراہمی ہمارا مشن ہے۔
ہماری یونیورسٹی پر والدین کا اعتماد بڑھتا جارہاہے اس وقت دونوں کیمپسز میں سات ہزار سے زائد طالبات زیر تعلیم ہیں اور ہزاروں اس یونیورسٹی میں داخلہ لینے کی خواہشمند ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ فارمیسی کی ڈیمانڈ مارکیٹ میں بڑھ رہی ہے، اس شعبے میں طالبات کی نمائند گی بھی بڑھ گئی ہے اس لئے اس شعبے کاقیام وقت کی ضرورت تھا
اسی طرح کمپیوٹر سائنسز کا شعبہ جدید کلاس رومز، جدید ترین متعدد کمپیوٹر اور ریسرچ لیبز، فیکلٹی دفاتر کے ساتھ نمایاں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ہب کے قیام سے طلباء کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے فائدہ پہنچے گا کیونکہ وہ میڈیا مواد تیار کرنے کے نئے طریقے سیکھیں گے، خصوصی طور پر ڈیزائن کیا گیا اسٹوڈیو طلباء کو متعلقہ تجربہ اور ٹی وی ریڈیو براڈکاسٹنگ جیسے شعبوں میں ایکسپوژر فراہم کرے گا۔
بعد ازں پراجیکٹ کاسنگ بنیاد رکھنے کے بعد ترقی کی دعا کی گئی، انہوں نے تمام ڈویلپمنٹ سٹاف کو مبارک باد دی۔
اس موقع پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کلثوم پراچہ، ڈاکٹر قمر رباب ( رجسٹرار ) ڈاکٹر سعدیہ ارشاد ڈاکٹر میمونہ خان اور تمام شعبوں کی چیئرپرسنز بھی موجود تھیں۔