مینٹل ہیلتھ اینڈ سائیکو سوشل سپورٹ تربیتی ورکشاپ
سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے کہا ہے کہ ڈویژن کی سطح پر مینٹل ہیلتھ اینڈ سائیکو سوشل سپورٹ تربیتی ورکشاپ کے انعقاد سے اساتذہ کرام کو بچوں کے نفسیاتی مسائل سے آگاہی اور ان مسائل کے حل کے لیے ممکنہ اقدامات کرنے میں مدد ملے گی۔
وہ قائد اکیڈمی ڈیرہ غازی خان میں محکمہ اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب اور یونی سیف کے اشتراک سے منعقدہ اساتذہ کی مینٹل ہیلتھ اینڈ سائیکو سوشل سپورٹ تربیتی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری خواجہ مظہر الحق صدیقی، سی ای او ایجوکیشن ڈیرہ غازی خان اور دیگر تعلیمی افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے کہا کہ اگر اساتذہ کے ساتھ ساتھ والدین کو بھی ان پروگرامز میں شامل کیا جائے تو بچوں کی ذہنی صحت اور نفسیاتی عوارض کے مسائل کو بہتر طور پر حل کیا جا سکتا ہے۔
دریں اثنا مینٹل ہیلتھ اینڈ سائیکو سوشل سپورٹ تربیتی ورکشاپ میں یونی سیف کے ماہرین نفسیات نے اساتذہ بچوں کے نفسیاتی مسائل، صنفی بنیادوں پر تشدد، سکول کی صفائی، بچوں میں خوف، بے جا غصہ آنے، ڈپریشن اور بچوں کی ذہنی استعداد بہتر بنانے کے لیے تربیت فراہم کی۔