حادثات کی شرح صفر کرنے کے لئے خوداعتمادی کا خاتمہ اور ٹی اینڈ پی کا مکمل و بھرپور استعمال ضروری :چودھری خالد محمود

ایڈیشنل چیف انجینئر میپکو ملتان سرکل چوہدری خالد محمود نے کہا ہے کہ میپکو لائن سٹاف کی قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنانے، فلاح و بہبود اور بہتری کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے ۔
لائن سٹاف محکمہ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتاہے ۔ دوران ڈیوٹی قیمتی جانیں ضائع ہونے سے بچانے اور حادثات کی شرح صفر کرنے کے لئے خوداعتمادی کا خاتمہ اور ٹی اینڈ پی کا مکمل وبھرپور استعمال ضروری ہے ۔
سیفٹی سیمینارز کے انعقاد کا مقصد لائن سٹاف میں ٹی اینڈ پی کے استعمال اور ایس او پیز پر عملدرآمد کے شعور کو اجاگر کرناہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے موسیٰ پاک ڈویژنل کمپلیکس میں منعقدہ سیفٹی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ ایس ڈی اوز سب ڈویژنل دفاتر سے سیفٹی آلات کا بھرپور استعمال شروع کروائیں اور کسی بھی لائن مین کو ٹی اینڈ پی کی عدم دستیابی کے سبب فیلڈ میں ڈیوٹی کے لئے نہ بھیجا جائے ۔
لائن سٹاف کی حفاظت کے لئے پرمٹ ٹوورک پر عملدرآمد، مکمل سیفٹی آلات مہیاکرنا اور لائنوں پر کام کی نوعیت کے مطابق موزوں وقت کی فراہمی میپکو انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ۔ کوتاہی برتنے اور ٹی اینڈ پی کا استعمال نہ کرنے والے متعلقہ لائن سپروائزرز اور سٹاف کے خلاف سخت محکمانہ ایکشن لیاجائیگا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر سیفٹی میپکو انجینئر کاشف مقبول نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمارادین اور قرآن پاک بھی اپنی جان کی حفاظت اور اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی نعمتوں کی قدر کرنیکا درس دیتاہے ۔ بحیثیت مسلمان ان پر عمل کرنا ہمارا فرض ہے ۔ لائن مین اپنی جان اور زندگی کو کسی بھی صورت خطرات میں مت ڈالیں اور ٹی اینڈ پی کے استعمال کو یقینی بنائیں ۔
ایکسین موسیٰ پاک ڈویژن انجینئرمحمد وسیم اختر نے کہا کہ سیفٹی ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا لائن سٹاف کی پہلی ترجیح ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا۔ ٹی اینڈ پی کا استعمال نہ صرف محکمہ بلکہ لائن مین کے اپنے خاندان کے لئے بھی ضروری ہے اس میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔
ایکسین کینٹ ڈویژن انجینئر بابر علی سرور گجر نے کہا کہ کوئی بھی ہنگامی یا عملی صورتحال کسی کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کا جواز نہیں بن سکتی۔
لائن سٹاف ٹرانسفارمرز/پولز /لائنوں پر کا م کرنے سے قبل پی ٹی ڈبلیو لازمی حاصل کریں ۔ لائنوں کو دونوں جانب سے ارتھ کئے بغیر کام شروع نہ کیاجائے ۔
یونین رہنما چوہدری محمد خالد نے کہا کہ کسی بھی قسم کے دباؤ میں ہرگز کام نہ کیاجائے ۔ میپکو انتظامیہ سٹاف کی کمی کو پوراکرنے کے لئے اقدامات کرے ۔ لائن سٹاف کی ٹریننگ اور پروموشن کے لئے بھی اقدامات اُٹھائے جائیں ۔
سیمینار سے ایکسین سٹی ڈویژن ساجد حسین گوندل،ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل ارشدمنیر ڈاہا اور ایس ڈی او حسن پروانہ سب ڈویژن عمیر لودھی نے بھی خطاب کیا ۔
بعدازاں سیمینار میں دوران ڈیوٹی شہیدہونے والے لائن سٹاف کی مغفرت اور کمپنی کی ترقی کے لئے دُعاکی گئی ۔اس موقع پر ایکسین ممتازآبادڈویژن ریحان چوہان، ایکسین شاہ رکن عالم ڈویژن جاوید اقبال وینس، ایڈیشنل ایکسین کسٹمرسروسز تاج محمود قمر، ملتان سرکل کی تمام سب ڈویژنوں کے ایس ڈی اوز، لائن سپروائزرز اور لائن سٹاف نے شرکت کی ۔



















