میپکو ملتان سرکل میں قائم فیسلیٹیشن سینٹر کا انٹرنیٹ دوسرے روز بھی بحال نہ ہو سکا

میپکو ملتان سرکل کے فیصل فیسلیٹیشن سینٹر میں انٹرنیٹ سروس دوسرے روز بھی بحال نہ ہو سکی، جس کے باعث صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق فیسلیٹیشن سینٹر کا انٹرنیٹ کیبل گزشتہ روز نامعلوم وجوہات کی بنا پر منقطع ہو گئی تھی سینٹر میں موجود عملے نے فوری طور پر اس خرابی کی اطلاع ہیڈ آفس کو دے دی تھی، تاہم 48 گھنٹے گزرنے کے باوجود بھی انٹرنیٹ سروس بحال نہیں کی جا سکی۔
انٹرنیٹ کی عدم دستیابی کے باعث بلوں کی درستگی، اقساط کی منظوری اور دیگر آن لائن سروسز مکمل طور پر معطل ہیں، فیسلیٹیشن سینٹر آنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ انہیں بار بار سینٹر کے چکر لگانے پڑ رہے ہیں، جبکہ عملہ بھی بے بسی کا شکار ہے، صارفین نے شکایت کی ہے کہ معمولی تکنیکی خرابی کا اتنے طویل عرصے تک حل نہ ہونا انتظامی نااہلی کا مظہر ہے۔
متاثرہ صارفین اور عملے نے سی ای او میپکو سے مطالبہ کیا ہے کہ فیصل فیسلیٹیشن سینٹر کا انٹرنیٹ فوری طور پر بحال کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔



















