Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

زرعی یونیورسٹی کے وفد کا سینیگال کا دورہ

ایم این ایس زرعی یونیورسٹی کے ایک وفد نے پروفیسر ڈاکٹر محمد اشفاق ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف پلانٹ پروٹیکشن کی قیادت میں ایمیا یونیورسٹی سینیگال کے ساتھ مشترکہ تعاون کے تناظر میں سینیگال کا دورہ کیا۔

پاکستانی وفد میں پروفیسر ڈاکٹر محمد اشفاق، پروفیسر ڈاکٹر عبدالغفار، پروفیسر سماہ اشفاق، ڈاکٹر کاشف رزاق، اور ڈاکٹر عابد حسین شامل تھے۔

وفد نے "آم کی معیشت” کے موضوع پر چوتھی ایگریکلچر کانفرنس میں شرکت کی، جس میں مختلف ممالک کے ماہرین نے آم کی کاشت اور تجارت پر اپنی ریسرچ سے آگاہ کیا۔

سینیگال میں پاکستانی سفیر صائمہ سید نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زراعت میں پاکستان اور سینیگال کے تعاون کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے دونوں ممالک میں زرعی پیداوار اور اقتصادی ترقی کو بڑھانے کے لیے تحقیق کے تبادلے اور مشترکہ منصوبوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد اشفاق نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زرعی یونیورسٹی ملتان آم کے سمال ٹری سسٹم کو کامیابی کے ساتھ مختلف فارمز کے ہزاروں ایکٹر میں لگا چکی ہے اور اس ٹیکنالوجی کو سینیگال کے ریسرچرز کو بھی منتقل کیا جا رہا ہے۔

سینیگال میں پاکستانی سفیر صائمہ سید نے پاکستانی وفد کو ملاقات کے لیے بھی دعوت دی اور ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران پاکستانی سفیر نے پاکستان سینیگال کے زرعی تعلقات میں زرعی یونیورسٹی ملتان کے گراں قدر تعاون کو سراہا۔
پاکستانی ماہرین نے آم کی کاشت بالخصوص آم کے چھوٹے درختوں کے نظام کے بارے میں اپنا تجربہ شیئر کیا اور اس کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔

پاکستانی سفیر صائمہ سید نے زرعی یونیورسٹی ملتان اور ایمیا یونیورسٹی سینیگال کے وفد کے لیے عشائیہ بھی دیا، پروفیسر ڈاکٹر محمد اشفاق نے مہمان نوازی پر مسٹر علیو سال اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور ملتان میں مستقبل کے لائحہ عمل کو سامنے رکھتے ہوئے سرگرمیوں کی دعوت دی۔

یہ دورہ ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان اور ایمیا یونیورسٹی سینیگال کے درمیان گزشتہ سال طے پانے والے مفاہمتی یادداشت کے تحت جاری سرگرمیوں کا حصہ ہے، اس مفاہمت نامے کا مقصد طلباء کے تبادلے، فیکلٹی کی تربیت اور مشترکہ تحقیقی اقدامات کو فروغ دینا ہے، وفد کا دورہ اور کانفرنس میں شرکت ان مشترکہ کوششوں کے عزم کو واضح کرتی ہے۔

وفد نے ایمیا یونیورسٹی سینیگال کے عہدیداروں کے ساتھ مستقبل کی سرگرمیوں بشمول فیکلٹی ٹریننگ پروگرام اور طلباء کے تبادلے کے اقدامات کے بارے میں نتیجہ خیز بات چیت کی، اس دورے سے مستقبل میں مزید مضبوط اور نتیجہ خیز تعاون کی راہ ہموار ہو گی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button