مفتے مسافر پکڑے گئے، 10 لاکھ سے زائد کا جرمانہ وصول

بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے 14 سو سے زائد مسافروں سے 10 لاکھ 80 ہزار روپے جرمانہ وصول کرلیاگیا۔
بتایا گیا ہے کہ پاکستان ریلوے ملتان ڈویژن میں بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے مسافروں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا گیا، یہ کارروائی افتخار حسین، ڈویژنل سپرنٹینڈینٹ ملتان کی زیر سرپرستی اور ڈویژنل کمرشل آفیسر کی زیرِ نگرانی عمل میں لائی گئیں۔
ڈی سی او گروپ اور ایس ٹی ایز نے مختلف ٹرینوں میں چیکنگ کے دوران مجموعی طور پر 1403 کیسز بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے مسافروں کے چارج کیے، جس کے نتیجے میں 1.86 ملین روپے کی خطیر رقم کرایہ اور جرمانے کی مد میں وصول کی گئی، وصول شدہ رقم باقاعدہ طور پر سرکاری خزانے میں جمع کروا دی گئی۔
یہ کارروائی پاکستان ریلوے ملتان ڈویژن کی مؤثر نگرانی، نظم و ضبط اور بہترین کارکردگی کے تسلسل کی عکاس ہے، جس کا مقصد ریلوے آمدن میں اضافہ اور نظام کو مزید شفاف بنانا ہے۔
ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ملتان اور ڈویژنل کمرشل آفیسر ملتان نے کا کہنا ہے کہ تمام مسافر سفر سے قبل اپنا باقاعدہ سفری ٹکٹ حاصل کریں اور دورانِ سفر ٹکٹ چیکنگ کے عمل میں ریلوے عملے سے مکمل تعاون کریں تاکہ جرمانے سے بچا جا سکے، اگر کسی ناگزیر وجہ سے ٹکٹ حاصل نہ کیا جا سکا ہو تو فوری طور پر ٹرین میں موجود ریلوے عملے کو آگاہ کریں تاکہ قانونی طریقہ کار کے تحت رہنمائی حاصل کی جا سکے۔
پاکستان ریلوے ای۔ٹکٹنگ سسٹم ہمہ وقت عوام کی خدمت کے لیے دستیاب ہے، جس کے ذریعے گھر بیٹھے ٹرین ٹکٹس حاصل کیے جا سکتے ہیں۔




















