پیف اور پیمز کے مابین معاہد ہ طے پاگیا
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور پاکستان ینگ انوویٹو مائنڈز سوسائٹی (پیمز) کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب ہوئی، تقریب میں منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن شاہد فرید نے خصوصی شرکت کی، معاہدے پر ایم ڈی پیف شاہد فرید اور پریزیڈنٹ پیمز پروفیسر ڈاکٹر فریدہ طاہر نے دستخط کیے۔
تقریب میں ڈائریکٹرپیف نوید عباس، ایڈیشنل ڈائریکٹر پیف صائمہ نظیر، پیٹرن ان چیف پیمز طاہر حسین خان اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔
معاہدے کا مقصد پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے طلبا و طالبات میں اختراعی اپروچ، آئی ٹی بیسڈ معیاری تعلیم کا فروغ اور طلبا و طالبات میں مسائل حل کرنے کی صلاحیتوں کو ابھارنا ہے۔
اس پروجیکٹ کے پائیلٹ فیز کا آغاز ضلع لاہور، شیخوپورہ، قصور، ننکانہ صاحب، راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال سے کیا جائے گا، معاہدے کے تحت پیف سے منسلک سکولوں کے مڈل، سیکنڈری اور ہائیر سیکنڈری طلبا و طالبات کو ینگ انوویٹو سائنٹسٹ مقابلہ جات کے لیے بھی تیار کیا جائے گا۔
پیمز کی جانب سے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ماسٹر ٹرینرز اور ملازمین کو جدید تعلیمی تصورات کے بارے میں اگاہی دی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے ٹریننگز اور اورینٹیشن سیشنز بھی منعقد کیے جائیں گے۔ طلبا و طالبات کو STEMکی جدید تعلیم بھی فراہم کی جائے گی۔
اسی طرح ایم او یو کے تحت بین الاقوامی ٹورنامنٹ کے لیے پیف سے منسلک طلبا و طالبات کو رسائی، رہنمائی اور تربیت فراہم کی جائے گی۔ اس معاہدے کے تحت پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کو ایپٹیٹیوڈ ٹیسٹ سافٹ وئیر کی تیاری کے لیے ٹیکنیکل اسسٹنس بھی فراہم کی جائے گی۔
ایم ڈی پیف نے اس معاہدے کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت پیف سے منسلک طلبا و طالبات کو بہترین تعلیمی مواقع ملیں گے، جس سے وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن تعلیمی میدان میں حکومت پنجاب کا بہترین ادارہ ہے، پیف پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت 13ہزار سے زائد سکولوں میں تقریباً30لاکھ بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکاما ت پر پبلک سکولز ری آرگنائزیشن پروگرام فیز-ون کے تحت پانچ ہزار 863سکولز کامیابی سے آؤٹ سورس کر دیے گئے ہیں اور پی ایس آرپی کے فیز 2 کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔