یونیورسٹی آف ایجوکیشن اور پیف میں ایم او یو سائن
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے درمیان گزشتہ روز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا کے دفتر میں ایک مفاہمت کی یاداشت پر دستخط ہوئے۔
مفاہمت کی یاداشت پر منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن منظر جاوید علی، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (آپریشن) قراۃ العین میمن اور ڈائریکٹر(ایکسٹرنل لنکجز) یونیورسٹی آف ایجوکیشن ڈاکٹر محمد انور نے دستخط کیے۔
مفاہمت کی یاداشت کا مقصد پیف کے تعلیمی منصوبوں پر علمی تحقیق ہے تاکہ ان منصوبوں کو مزید بہتر اور نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔
اس مفاہمت کی یاداشت سے پیف سے منسلک پارٹنر سکولوں میں پڑھنے والے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے میں بہت مدد ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق پیف کی جانب سے دیے گئے موضوعات پر یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے ریسرچ سکالرز، بی ایس (آنرز)، ایم فل، ایم ایس اور پی ایچ ڈی طلباء تحقیق کریں گے۔
پیف ریسرچرز کو ریسرچ گرانٹ جاری کیا کرے گا تاکہ ریسرچ سُپروائز اور طلباء کو تحقیق کے دوران مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس موقع پر ایم ڈی پیف منظر جاوید علی نے کہا کہ مفاہمت کی یاداشت سے پیف کے تعلیمی منصوبوں کو تحقیق کے ذریعے مزید بہتر اور موثر بنانے میں مدد ملے گی، اور اس کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے طالب علموں کی مالی معاونت سے تحقیقی رحجانات کی حوصلہ افزائی ہوگی۔