پیف اور پنجاب یونیورسٹی میں معاہدہ طے پاگیا
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور پنجاب یونیورسٹی کے مابین معاہدہ طے پا گیا، ریسرچ سکالرز، بی ایس (آنرز)، ایم فل، ایم ایس اور پی ایچ ڈی طلباء تحقیق کریں گے۔ تحقیق کی بنیاد پر پالیسی سازی کرنے میں بہت مدد ملے گی۔
تفصیل کے مطابق پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پیف) اور یونیورسٹی آف پنجاب کے مابین معاہدہ طے پا گیا ہے۔
مفاہمت کی یاداشت پر منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن منظر جاوید علی، وائس چانسلر یونیورسٹی آف پنجاب ڈاکٹر خالد محمود، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (آپریشن) قراۃ العین میمن اور
ڈائریکٹر (ایکسٹرنل لنکجز) یونیورسٹی آف پنجاب پروفیسر ڈاکٹر ثوبیہ خرم نے دستخط کیے۔
مفاہمت کی یاداشت کا مقصد پیف کے تعلیمی منصوبوں پر علمی تحقیق ہے تاکہ ان منصوبوں کو مزید بہتر اور نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔ اس مفاہمت کی یاداشت سے پیف سے منسلک پارٹنر سکولوں میں پڑھنے والے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
تحقیق کے لیے پیف کی طرف سے موضوعات دیے جائیں گے جن پر انسٹیٹیوٹ آف منیجمنٹ اینڈ ریسرچ ڈیپارٹمنٹ کے ریسرچ سکالرز، بی ایس (آنرز)، ایم فل، ایم ایس اور پی ایچ ڈی طلباء تحقیق کریں گے۔
پیف ریسرچرز کو ریسرچ گرانٹ جاری کیا کرے گا تاکہ ریسرچ سپر وائز اور طلباء کو تحقیق کے دوران مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس موقع پر ایم ڈی پیف منظر جاوید علی نے کہا کہ اس معاہدے سے پیف سے منسلک پارٹنر سکولوں میں پڑھنے والے طلبا و طالبات کو بہتر تعلیم کی فراہمی کے لیے تحقیق کی بنیاد پر پالیسی سازی کرنے میں بہت مدد ملے گی، اور پیف کے تعلیمی منصوبوں کو تحقیق کے ذریعے مزید بہتر اور موثر بنایا جائے گا۔